Friday, April 26, 2024

راجہ بشارت اور ایم ایس بینظیر بھٹو اسپتال کی ٹیلیفونک گفتگو ،وزیراعظم نے نوٹس لے لیا

راجہ بشارت اور ایم ایس بینظیر بھٹو اسپتال کی ٹیلیفونک گفتگو ،وزیراعظم نے نوٹس لے لیا
December 18, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) راجہ بشارت اور ایم ایس بینظیر بھٹو اسپتال کی ٹیلیفونک گفتگو  کا وزیر اعظم نے نوٹس لے لیا ۔ وفاقی وزیر صحت عامر کیانی نے وزیر اعظم کی جانب سے ایم ایس کو  پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ  آپ میرٹ پر کام کریں ، کوئی پریشان نہیں کریگا۔حکومت نے ایک وزیر کے دوسری وزارت میں براہ راست بات کرنے پر پابندی لگانے کا بھی فیصلہ کرلیا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے اسیر رہنما حنیف عباسی کی صاحبزادی کے تبادلے کا معاملہ پر صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور بینظیر بھٹو ہسپتال کے ایم ایس اکٹر طارق نیازی کے درمیان ہونے والی گفتگو کا وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لے لیا۔ وزیر اعظم نے وفاقی وزیر صحت عامر کیانی سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر صحت عامر کیانی کی ایم ایس سے بات چیت کی ہے، عامر کیانی نے وزیراعظم کا پیغام ایم ایس کو پہنچا دیا کہ آپ میرٹ پر کام کریں آپ کو کوئی پریشان نہیں کرے گا۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس سلسلے میں ہم پنجاب حکومت سے بھی رابطے میں ہیں، امید ہے معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہوجائے گا۔ دوسری جانب وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر عمر کو رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ یاسمین راشد نے محکمہ صحت کے سٹاف سے کہا کہ سیاسی مداخلت پر براہ راست مجھے مطلع کیا جائے۔