Thursday, April 25, 2024

راجکماری جمہوری رویوں سے عاری ہیں، فردوس عاشق اعوان

راجکماری جمہوری رویوں سے عاری ہیں، فردوس عاشق اعوان
December 17, 2020

لاہور (92 نیوز) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا راجکماری جمہوری رویوں سے عاری ہیں، عمران خان نے شو آف ہینڈ کے ذریعے سینٹ الیکشن کا ذکر کیا تو راجکماری بلبلا اٹھیں۔

فردوس عاشق اعوان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے چمک کی سیاست کو غائب کرنے کا اعلان کیا، باشعور عوام نے ن لیگ کے بیانئے کو سمندر برد کردیا، لندن میں بیٹھے لوگ پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، اِن لوگوں کو عدالتوں نے سرٹیفائیڈ جھوٹا قرار دیا۔ سپریم کورٹ عمران خان کو صادق و امین قرار دے چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کوئی ایسی ٹیپ مارکیٹ میں موجود نہیں جس میں ججوں کو کہا جا رہا ہو کہ کس کو سزا دینی ہے اور کس کو نہیں۔ پی ٹی آئی حکومت قانون اور آئین سے باہر کوئی قدم نہیں اٹھائے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ  مریم کی آہ و بلکا اس بات کا عکاس ہے کہ پارٹی میں اضطراب شروع ہے۔ ہم نے آپکو بھرپور سرپرائز دینا ہے۔ مریم نواز کا چہرہ بتا رہا ہے کہ آپ مایوس ہیں۔ آپکا چہرہ بتا رہا ہے کہ ن لیگ کے بیانیے کا کوئی خریدار نہیں۔ لاہور کا جلسہ ن لیگ کے لئے ڈراؤنا خواب بن گیا ہے۔ اپوزیشن کی واردات کے انتظار میں ہیں، اپوزیشن جس دن استعفے دینے کے تقریب کا اعلان کرے گی۔

معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ الیکشن گُڈا گُڈی کے کھیلنے کا کھیل نہیں ہے۔ اپوزیشن کے عمل کے بعد ہمارا ردعمل ہوگا۔ عثمان بزدار نے اپنے پتے سینے سے لگا رکھے ہیں بازی ہم ہی جیتے گے۔ اپوزیشن تاریخ پر تاریخ دیتے ہوئے پینترے بدل رہی ہے۔ مریم بی بی کی چیخیں ابھی سے نکل رہی ہیں ان کی تسلی کیکئے بتا دوں کہ ہم آئین کے تابع ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ متحدہ ارب امارات کو تیس سالہ اڑسٹھ ایکڑ اراضی لیز پر دی تھی، حکومت پنجاب نے اراضی کی لیز اگلے بیس سال کیلئے توسیع کردی گئی ہے۔ راوی اربن ڈویلپمینٹ اتھارٹی کو فنگشنل کیا گیا ہے۔ راوی ریور پراجیکٹ کو پانچ ارب قرض دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ خصوصی افراد کے تین فیصد کوٹے میں سے نابینا افراد کیلئے ایک فیصد کوٹہ مختص کردیا گیا ہے۔ پنجاب میں یکساں تعلیمی نظام ایک سے پانچویں جماعت کے نصاب کی منظوری دی گئی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ فیصلے کا اختیار ن لیگ میں شہباز شریف کے پاس ہے، جبکہ پیپلزپارٹی میں زرداری صاحب کے پاس۔ اپوزیشن میں شامل جماعتیں سب کچھ داؤ پر لگا سکتے ہیں لیکن مال پانی داؤ پر نہیں لگا سکتیں۔ پیپلزپارٹی کبھی بھی نہ پارلیمنٹ کو گرائے گی اور نہ جمہوریت کو ڈی ریل کرے گی۔ حکومت نے دو ہزار تیئیس تک اپنا وقت پورا کرنا ہے۔ اپوزیشن نہ خود تھکے اور نہ اپنے لاغر اور کمزور لوگوں کو تھکائے۔