Thursday, April 25, 2024

رائےونڈ مارچ کیخلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں فل بنچ تشکیل

رائےونڈ مارچ کیخلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں فل بنچ تشکیل
September 22, 2016
لاہور (92نیوز) رائےونڈ مارچ کے خلاف درخواست پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے فل بنچ تشکیل دیدیا۔ تین رکنی فل بنچ آئندہ ہفتے درخواست کی سماعت کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس شاہد حمید ڈار کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ تشکیل دے دیا۔ فل بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس انوارالحق اور جسٹس قاسم خان شامل ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے مقامی شہری عاطف ستار کی درخواست پر چیف جسٹس ہائیکورٹ کو فل بنچ کی تشکیل کی سفارش کی تھی۔ درخواست گزار کے وکیل اے کے ڈوگر نے درخواست میں خدشہ ظاہر کیا کہ عمران خان حکمران جماعت کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کر رہے ہیں جس سے ملک میں انتشار پھیلنے اور تصادم کا خطرہ ہے۔ وکیل کے مطابق عمران خان نے رائے ونڈ میں تیس ستمبر کو دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس طرح سے دونوں جماعتوں کے کارکنوں میں تصادم ہونے کا اندیشہ ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو رائے ونڈ میں دھرنا دینے سے روکا جائے۔ فل بنچ آئندہ ہفتے سے درخواست پر سماعت کرے گا۔