Thursday, April 25, 2024

رائیونڈ کی طرف مارچ نہیں کریں گے:  طاہر القادری

رائیونڈ کی طرف مارچ نہیں کریں گے:  طاہر القادری
September 10, 2016
لاہور(92نیوز)ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ ایک اور سانحہ ماڈل ٹاؤن بپا کرنے کی تیاریاں کر لی گئیں ، ہم رائیونڈ کی طرف مارچ نہیں کرینگے ۔  آئی ایس آئی ، ملٹری انٹیلی جنس اور رینجرز کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ میڈیا کے ساتھ مل کر ہمارے سیکرٹریٹ اور گھر کی تلاشی لیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پنجاب پولیس نے ہمارے مرکز میں آنے کی کوشش کی تو اس کا حشر کر دیں گے، ہم نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں۔ تفصیلات کےمطابق  منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ لوگوں کے گھروں پر حملہ کرنا شریف برادران کا پرانا شیوہ ہے۔ ہم اس گھٹیا سطح تک نہیں جائیں گے قصاص اور انصاف کی جنگ وقار کے ساتھ لڑیں گے سربراہ عوامی تحریک نے رائیونڈ مارچ میں شرکت سے انکار کر دیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ان کی تنظیم کو کالعدم قرار دینے کی سازش تیار ہو چکی۔ سرچ آپریشن کے نام پر انکے سیکرٹریٹ اور کارکنوں کی لسٹیں تیار کر لی گئی ہیں تاکہ انہیں دہشت گرد تنظیم قرار دے کر کالعدم قرار دے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اداروں کے سامنے گھناؤنی سازش بے نقاب کر رہے ہیں۔ آئی ایس آئی، ملٹری انٹیلی جنس اور رینجرز میڈیا کے ساتھ خود آپریشن کریں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ اگر پنجاب پولیس نے ایسا کوئی آپریشن کرنے کی کوشش کی تو ان کا حشر کر دیں گے۔ ہم نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں ہماری شرافت اور امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔