Wednesday, May 8, 2024

رائیونڈ مارچ: پی ٹی آئی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

رائیونڈ مارچ: پی ٹی آئی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں
September 29, 2016
لاہور (92نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے اڈہ پلاٹ رائیونڈ روڈ پر کل ہونے والے جلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں پہنچ گئیں۔ پنڈال میں کرسیاں لگائی جا رہی ہیں۔ آج عمران خان جلسہ گاہ کا دورہ بھی کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق رکن صوبائی اسمبلی شعیب صدیقی کا کہنا ہے کہ جلسے کی نوے فیصد تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پولیس نے مختلف شاہراہوں کو بلاک کرنے کے لیے درجنوں کنٹینرز پکڑ کر رائیونڈ روڈ پر کھڑے کر دیے۔ کنٹینرز میں موجود کروڑوں مالیت کا سامان خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ رائیونڈ روڈ کوعمران خان کے فلیکسز اور بینرز سے سجا دیا گیا۔ جلسہ گاہ میں خواتین کے لیے بنائے گئے الگ انکلوژر کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی جبکہ پرائیویٹ کمپنی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے گی۔