Saturday, April 27, 2024

رائیونڈ مارچ : لیگی قیادت نے اپنے کارکنوں کو سیاسی سرگرمیوں سے روک دیا

رائیونڈ مارچ : لیگی قیادت نے اپنے کارکنوں کو سیاسی سرگرمیوں سے روک دیا
September 25, 2016
لاہور(92نیوز)رائیونڈ مارچ میں شرکت کے لیے تحریک انصاف کے  قافلوں کی آمد اٹھائیس ستمبر  سے شروع ہو جائے گی ، نون لیگ قیادت نے ممکنہ تصادم سے بچاؤ کے لیے اپنے کارکنوں کو سیاسی سرگرمیوں سے روک دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ اگر کہیں تصادم کا خدشہ ہو تو لیگی کارکنوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ تفصیلات کےمطابق  تحریک انصاف  تیس ستمبر کو اڈہ پلاٹ میں پاور شو کرے گی جس کے لیے ملک بھر میں تیاریاں جاری ہیں۔دوسرے صوبوں سے پی ٹی آئی کے قافلےاٹھائیس اور انتیس ستمبر کو لاہور پہنچیں گے۔ کارکنوں کی رہائش اور کھانے پینے کا بندوست جلسہ گاہ کے قریب کیا جائے گا جبکہ  کپتان کے کھلاڑیوں کی میزبانی ظہیر عباس کریں گے، جی ٹی روڈ قومی شاہراہ اور موٹروے کے راستے آنے والے قافلے ٹھوکر نیاز بیگ سے  جلسہ گاہ آئیں گے  جبکہ قصور اور لاہور سے قافلے فیروز پور روڈ سے کاہنہ فلائی اوور سے ہوتے ہوئے براستہ ڈیفنس روڈ اڈہ پلاٹ پہنچیں گے۔  اسی طرح لاہور کے قافلے کینال روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ اور جوہر ٹاؤن سے براستہ شوکت خانم چوک قافلے اڈہ پلاٹ پہنچیں گے۔ دوسری جانب حکمران جماعت مسلم لیگ نون نے ممکنہ تصادم سے بچاؤ کے لیے اپنے کارکنوں کو سیاسی سرگرمیاں نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے لیگی قیادت کے مطابق مسلم لیگ نون کے کارکن پی ٹی آئی کے جلسہ کے دوران باہر نکلے تو شرپسند عناصر موقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں تحریک انصاف کے روٹ پر بھی لیگی دفاتر بند رہیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس اور انتظامیہ کو فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کہیں تصادم کا خدشہ ہو تو لیگی کارکنوں کے خلاف بلا تفریق قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔