Thursday, March 28, 2024

رائیونڈ سٹی لاک ڈاؤن کر دیا گیا ، میڈیکل اسٹورز کے علاوہ تمام دکانیں بند

رائیونڈ سٹی لاک ڈاؤن کر دیا گیا ، میڈیکل اسٹورز کے علاوہ تمام دکانیں بند
April 1, 2020

رائیونڈ ( 92 نیوز) لاہورکے نواحی شہر رائیونڈ  سٹی کومکمل طور پر لاک ڈاؤن کردیا گیا،میڈیکل سٹورز کے علاوہ تمام دکانیں بند کرکے شہریوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کر دی گئی۔

مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ تبلیغی مرکز سے 27 افراد میں کورونا وائرس مثبت آنے پر کیا گیا،دوسری جانب دودھ فروشوں نے پنجاب حکومت کے نئے احکامات پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔

کوروناوائرس کے مزیدپھیلاؤکے خدشے کے باعث رائیونڈسٹی مکمل طورپرلاک ڈاؤن  ہے،پولیس کے مطابق رائیونڈسٹی کوقرنطینہ بنا دیا گیا،صرف چند ایک میڈیکل اسٹورز کھلے ہیں،ڈاکٹرز اور پیرامیڈک اسٹاف کا گھر گھر جا کر اسکریننگ کا عمل جاری ہے، علاقے میں پولیس اور رینجرز اہلکار بھی موجود ہیں۔

مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ تبلیغی مرکز سے 27 افراد میں کورونا وائرس مثبت آنے پر کیا گیا ،  تبلیغی مرکز میں 2200فراد موجود ہیں،جن کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔

کمشنر لاہور ڈویژن سیف انجم،ڈپٹی کمشنر دانش افضال ، سی سی پی او ذوالفقار حمید، ڈی آئی جی رائے بابر، اور رینجرز اہلکاروں نے رائیونڈ میں شٹل دورے کیے ، جگہ جگہ کلورین اسپرے کو یقینی بنایا گیا،داخلی اور خارجی راستوں کو چیک کیا گیا اور آبادیوں میں سکیورٹی بڑھا دی گئی۔

دوسری جانب چیف سیکرٹری پنجاب میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان نے ایکسپوسنٹرمیں بنائے گئے ایک ہزاربستروں پرمشتمل خصوصی فیلڈاسپتال کا دورہ کیا،چیف سیکرٹری نے نو دن میں مکمل ہونے والے فیلڈ اسپتال پر کمشنر لاہور، محکمہ صحت کے سیکرٹریز اور انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔

دوسری جانب دودھ فروشوں کے تحفظات پر پنجاب حکومت نے انہیں رات آٹھ بجے تک دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی،دودھ فروشوں نےوزیر اعلیٰ پنجاب سے شام پانچ بجے کی بجائے رات آٹھ بجے تک دکانیں کھولنے کی اجازت مانگی تھی۔