Thursday, September 19, 2024

رائل ملائشین نیوی چیف کی سربراہ پاک بحریہ سے ملاقات، دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال

رائل ملائشین نیوی چیف کی سربراہ پاک بحریہ سے ملاقات، دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال
February 19, 2018

اسلام آباد( 92 نیوز ) رائل ملائشین نیوی کے چیف ایڈمرل تان سری احمد قمرالزمان حاجی احمد بدرالدین نے نیول ہیڈ کوارٹرزاسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی ۔

        نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ نے رائل ملائشین نیوی کے چیف کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔ بعد ازاںمعزز مہمان کا نیول ہیڈ کوارٹرز میں تعینات پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف کروایا گیا۔

رائل ملائشین نیوی کے چیف ایڈمرل تان سری احمد قمرالزمان حاجی احمد بدرالدین نے پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات کی  ، ملاقات میں پیشہ وزرانہ اُمور اور دو طرفہ بحری اشتراکیت پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون کے مختلف شعبے بھی زیرِ غور رہے ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم اور کردار بالخصوص کولیشن میری ٹائم کمپین پلان اور بحری قزاقی کے بیخ کنی کے آپریشنزمیں شرکت پر روشنی ڈالی گئی۔

معزز مہمان کو کثیرالقومی ٹاسک فورسز150اور151کی پاک بحریہ کے اعلیٰ آفیسرزکی جانب سے کمانڈزکی متعدد مدت کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

ملاقات کے بعدعلاقائی مسائل کے متعلق پاک بحریہ کے نقطہ نظر اوربحر ی امن و استحکام کے قیام میں پاک بحریہ کے کردارپر معزز مہمان کو ایک تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

رائل ملائشین نیوی کے چیف نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آبادمیں یادگارِ شہداءپر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

نیول ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے بعد ایوانِ صدر میں ایک پُر وقار تقریب منعقد کی گئی  جس میں صدر ِ پاکستان ممنون حسین نے رائل ملائشین نیوی کے چیف ایڈمرل تان سری احمد قمرالزمان حاجی احمد بدرالدین کو پاکستان کے اعلیٰ ترین عسکری اعزاز نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نوازا۔

رائل ملائشین نیوی کے چیف کو یہ اعزازپاکستان اور ملیشیاءبالخصوص دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے سلسلے میں اُن کی غیر معمولی خدمات اور قابلِ قدر کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔

دورے کے دوسرے مرحلے میں ایڈمرل تان سری احمد قمرالزمان حاجی احمد بدرالدین لاہور اور کراچی میں نیول فیلڈ کمانڈز سے ملاقاتیں کریں گے۔