Saturday, May 18, 2024

را کیلئے کام کرنیوالے بھارتی ہائی کمیشن کے تین اہلکار واپس روانہ

را کیلئے کام کرنیوالے بھارتی ہائی کمیشن کے تین اہلکار واپس روانہ
November 8, 2016
اسلام آباد (92نیوز) ناپسندیدہ قرار دیے جانے والے آٹھ بھارتی سفارتی اہلکاروں کی وطن واپسی شروع ہو گئی۔ تین آج دبئی روانہ ہو گئے۔ پانچ کل واہگہ کے راستے بھارت جائیں گے۔ بھارتی ہائی کمیشن کے آٹھوں اہلکارتخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ تفصیلات کے مطابق آئے تھے سفارتکار بن کر لیکن نکلے ”را“ اور بھارتی آئی بی کے ایجنٹ۔ بھارتی ہائی کمیشن کے 8 اہلکار اپنی سفارتی ذمہ داریاں چھوڑ کر پاکستان کو غیرمستحکم کرنے میں لگے تھے۔ اقتصادی راہداری کو نقصان پہنچانے کی کوششیں اور بلوچستان میں بدامنی۔ ان اہلکاروں نے تخریبی کارروائیوں کو خوب ہوا دی۔ کالی کرتوتیں سامنے آئیں تو فیصلہ ہوا کہ انہیں ناپسندیدہ قرار دیا جائے لہٰذا ایسا ہی ہوا اور آٹھوں اہلکاروں کو پاکستان میں مزید قیام سے روک دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق 8اہلکاروں میںسے 3 اہلکار جن میں انوراگ سنگھ، وجے کمارورما اور ماودھون ننداکمار شامل ہیں آج بذریعہ جہاز دبئی روانہ ہو گئے جہاں سے وہ اپنے وطن جائیں گے۔ باقی 5اہلکاروں کی کل بذریعہ سڑک وا ہگہ سے بھارت واپسی ہو گی۔ تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا انکشاف ہونے کے باوجود پاکستان سفارتی آداب نہیں بھولا۔ ان اہلکاروں کو گرفتار کیا نہ ہی کوئی بدسلوکی کی جبکہ دوسری جانب بھارت نے جھوٹے الزام لگا کر پاکستانی اہلکاروں کو نہ صرف ہراساں کیا بلکہ انہیں حراست میں بھی رکھا۔