Wednesday, April 24, 2024

راؤ انوار کی نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت غیرمعینہ مدت تک ‏ملتوی

راؤ انوار کی نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت غیرمعینہ مدت تک ‏ملتوی
May 16, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) راؤ انوار کی نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی  سربراہی میں 3  رکنی بینچ نے  کی۔ سپریم کورٹ میں راؤ انوار کی نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت ہوئی ، عدالت نے راؤ انوار کو  نظرثانی درخواست عدالتی فیصلے کے ساتھ دوبارہ دائر کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا کہ راؤ انوار پولیس آفیسر ہیں تو باہر کیوں جانا چاہتے ہیں،کیا بیرون ملک ان کا کوئی کاروبار ہے؟۔

نقیب اللہ قتل کیس ، راؤ انوار و دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد

ملزم کے وکیل نے دلائل دیے کہ عدالت نے ان کے موکل کو ضمانت دی لیکن بعد میں نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا، انکے موکل نے اپنی فیملی سے ملنے جانا ہے۔ جسٹس عمرعطا بندیال نے ریماکس دیے کہ ای سی ایل سے نام نکلوانے کا ایک طریقہ ہے، آپ کہتے ہیں کہ ضمانت پر ہیں تو نام ای سی ایل سے بھی نکالاجائے، آپ تو کہتے ہیں کوئی اور ایف آئی ار اور انکوائری بھی نہیں۔ جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ اخباروں میں آتا ہے کہ رائو انوارکے خلاف مزید انکوائریاں چل رہی ہیں۔ نقیب اللہ محسود کے خاندان کے وکیل نے بتایا کہ رائوانوارکے خلاف نیب میں اثاثوں سے متعلق انکوائری چل رہی ہے جس پر جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ اس نوعیت کے تو بہت سے کیسز ہیں، عدالت اس کیس کو نہیں دیکھ رہی۔ عدالت نے رائو انوار کو نظرثانی درخواست عدالتی فیصلے کے ساتھ دوبارہ دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت غیرمعینہ مدت کےلیے ملتوی کردی۔