Sunday, September 8, 2024

رئیل اسٹیٹ سیکٹر نے تین ہزار ارب روپے بیرون ملک منتقل کرنے کی دھمکی دیدی

رئیل اسٹیٹ سیکٹر نے تین ہزار ارب روپے بیرون ملک منتقل کرنے کی دھمکی دیدی
July 19, 2016
اسلام آباد (92نیوز) ریئل اسٹیٹ اینڈ بلڈرز ایسوسی ایشن نے جائیداد کی قیمتوں کے تعین کا نیا طریقہ کار مسترد کر دیا۔ ریئل اسٹیٹ اینڈ بلڈرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مطالبات نہ مانے گئے تو تین ہزار ارب روپے کی سرمایہ کاری بیرون ملک منتقل ہوجائے گی۔ تفصیلات کے مطابق جائیداد کی قیمتوں کے تعین پر ایف بی آر‘ ریئل اسٹیٹ اینڈ بلڈرز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ ریئل اسٹیٹ سیکٹر کے نمائندوں نے فنانس ایکٹ کے ذریعے جائیداد کی قیمت کے لیے فیئر مارکیٹ ویلیو کے قانون کو مسترد کردیا۔ ریئل اسٹیٹ سیکٹر کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ اس طریقہ کار سے ملک میں کرپشن کا نیا دروازہ کھل جائے گا، حکمران اپنے کالے دھن کو سفید کرنے کے لیے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم لانا چاہتے ہیں۔ وفاقی حکومت نے ریئل اسٹیٹ سیکٹر کے مطالبات پر غور کے لیے تیرہ رکنی کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا پہلا اجلاس بدھ کو ہوگا۔