Wednesday, May 1, 2024

رئیرایڈمرل آصف خالق نے بطور کمانڈر کراچی ذمہ داریاں سنبھال لیں

رئیرایڈمرل آصف خالق نے بطور کمانڈر کراچی ذمہ داریاں سنبھال لیں
May 7, 2018
کراچی ( 92 نیوز) ریئر ایڈمرل آصف خالق نے بحیثیت کمانڈر کراچی اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ،  کمانڈ کی تبدیلی کیلئے  پروقار تقریب پی اینا یس بہادر میں منعقد کی گئی  ۔تقریب میں رئیر ایڈمرل اطہر مختار نے ذمہ داریاں رئیرایڈمرل آصف خالق کے سپرد کیں ۔ نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ریئر ایڈمرل آصف خالق کراچی میں قائم پاک بحریہ کے تمام ٹریننگ یونٹس کے سربراہ  ہیں ۔ تبدیلیءکمانڈ کی تقریب کے دوران ریئر ایڈمرل آصف خالق کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور کمکار کمانڈ کے ماتحت یونٹس کے کمانڈنگ افسروں سے ان کا تعارف کرایا گیا۔ تقریب میں پاک بحریہ کے افسروں، سی پی اوز، سیلرز اور نیوی سویلن کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریئر ایڈمرل آصف خالق نے 1983میں پاک بحریہ میں شمولیت اختیار کی اور 1985میں آپریشن برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے مختلف اہم کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ ان کی اہم کمانڈ تعیناتیوں میں کمانڈنگ افسر پی این ایس بابر ، خیبر اورکمانڈراٹھارہویں ڈسٹرایئر اسکواڈرن کے عہدے شامل ہیں۔ رئیرایڈمرل آصف خالق نے بحیثیت کمانڈر ٹاسک فورس 150خدمات بھی انجام دی ہیں ،  ان کی اہم اسٹاف تعناتیوں میں نیول ہیڈ کوارٹرز میں ڈپٹی ڈائر یکٹر نیول وارفیئر اینڈ آپریشنل پلانز، اسسٹنٹ چیف آف دی نیول اسٹاف (پلانز)، پرنسپل سیکریٹری برائے چیف آف دی نیول اسٹاف، کمانڈنٹ پی این ایس بہادر اور ڈائریکٹر جنرل نیول انٹیلی جنس کے عہدے شامل ہیں۔ کمانڈر کراچی کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے سے قبل وہ نیول ہیڈ کوارٹرز میں وہ بحیثیت ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف (ایڈمن) ذمہ داریاں سر انجام دے رہے تھے۔ ریئر ایڈمرل آصف خالق پیرس میں بحیثیت آرمی اور نیول اتاشی بھی تعینات رہ چکے ہیں ، وہ پاکستان نیوی وار کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں۔ اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں ریئرایڈمرل آصف خالق کو حکومت پاکستان نے ہلال امتیاز (ملٹری) اور حکومت فرانس نے نیشنل آرڈر آف میرٹ کے اعزازات سے نوازا ہے ۔