Monday, September 16, 2024

ذہین بیوی شوہر کی لمبی زندگی کا سبب بنتی ہے : تحقیق

ذہین بیوی شوہر کی لمبی زندگی کا سبب بنتی ہے : تحقیق
August 16, 2016
لندن (ویب ڈیسک) سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص لمبی زندگی جینا چاہتا ہے تو اسے چاہیے کہ وہ کسی ذہین خاتون سے شادی کر لے۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی ایبرڈین یونیورسٹی سے وابستہ محققین نے ان خیالات کا اظہار ڈائی مینشیا کے مریضوں پر تحقیق کے بعد کیا ہے۔ یاد رہے کہ ڈائی مینشیا ایک ایسے مرض کو کہا جاتا ہے جس میں دماغ کی یادداشت‘ سوچنے، گفتگو کرنے‘ سمجھنے اور فیصلے کرنے کی طاقت و قابلیت ناقص ہو جاتی ہے۔ تحقیق سے اس امر کی تصدیق ہوئی ہے کہ خواتین میں بلند آئی کیو لیول مختلف امراض پیدا ہونے کے مقابلے میں ایک رکاوٹ کی سی حیثیت رکھتا ہے۔ مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر ذہین بیوی اپنے شوہر کی درازی عمر کا سبب کیسے بنتی ہے ؟ تو اس کے جواب میں سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ذہین بیوی کی موجودگی میں شوہر روزانہ کی بنیاد پر اپنی عقل کی مشق کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں تاکہ اپنی بیوی کے شانہ بشانہ چل سکے اور اس کے ساتھ رابطہ جاری رکھ سکے۔ اس طرح کی یومیہ مشق مردوں کی عمر میں کئی برس کا اضافہ کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ اس سلسلے میں سائنس دانوں نے دو جڑواں مردوں کی صحت کے گہرائی کے ساتھ جائزے کا تجربہ کیا۔ تجربے سے واضح ہوگیا کہ جس شخص کی شادی بلند آئی کیو کی حامل خاتون سے ہوئی تھی اس کو فتورِعقل کے مرض کا کم سامنا رہا اور اس نے طویل عمر پائی۔ اگرچہ سائنس دانوں نے ذہین خواتین سے شادی کرنے والوں کے دماغ میں بھی ڈائی مینشیا کا کچھ رجحان دریافت کیا ہے تاہم ان افراد پر یہ علامات کبھی ظاہر نہیں ہوئیں۔