Wednesday, March 27, 2024

ذوالفقار مرزا کی ضمانت منظور، میں اور آصف زرداری ضرور ملیں گے لیکن ایک دوسرے کے جنازے میں: سابق صوبائی وزیرداخلہ

ذوالفقار مرزا کی ضمانت منظور، میں اور آصف زرداری ضرور ملیں گے لیکن ایک دوسرے کے جنازے میں: سابق صوبائی وزیرداخلہ
May 9, 2015
کراچی (92نیوز) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ذوالفقار مرزا کی تینوں مقدمات میں ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں تفتیشی حکام کے سامنے پیش ہوکر اپنا بیان قلم بند کرانے کا حکم دے دیا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر ایک کے جج بشیر کھوسو نے کیس کی سماعت کی تو ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے وکیل اشرف سموں نے تمام مقدمات کو بے بنیاد اور جھوٹاقرار دیتے ہوئے مقدمات خارج کرنے کی استدعا کی جبکہ پراسیکیوشن کے وکلاءنے تمام مقدمات کو حقائق کے مطابق اور دہشت پھیلانے کے مترادف قرار دیا۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سنے اور ذوالفقار مرزا کی تینوں مقدمات میں ایک، ایک لاکھ روپے کی 19مئی تک ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔ ذوالفقار مرزا کی ضمانت منظور ہونے کے بعد پیپلزپارٹی کے وکلاءنے شیم شیم کے نعرے لگائے اور شدید احتجاج کیا۔ ذوالفقار مرزا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں گھبرانے والا نہیں، تمام مقدمات کا سامنا کروں گا۔ دریں اثنا سابق وزیرداخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے بعد فاتحانہ انداز میں باہر آئے۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کی قیادت کو تو تنقید کا نشانہ بنایا ہی ساتھ ہی میڈیا کے نمائندوں پر بھی برس پڑے۔ قبل ازیں جب وہ سندھ ہائیکورٹ کیلئے گھر سے روانہ ہوئے تو وہ بینظیربھٹو کی تصویر لہرا رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں اور آصف زرداری ضرور ملیں گے لیکن ایک دوسرے کے جنازے میں۔ کارکنان کی ایک بڑی تعداد بینظیربھٹو اور ذوالفقار مرزا کے حق میں نعرے لگاتی رہی۔