Friday, March 29, 2024

ذوالفقار علی بھٹو کی آج 40 وی برسی ، مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہوگی

ذوالفقار علی بھٹو کی آج  40 وی برسی ، مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہوگی
April 4, 2019

گڑھی خدا بخش ( 92 نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو  کی آج  40ویں برسی  ہے  ، مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہوگی ۔

پرجوش جیالوں کی آمد کا سلسلہ جاری  ہے ، سہ پہر ہونے والی تقریب سے آصف زرداری ، بلاول بھٹو سمیت پارٹی قائدین خطاب کرینگے ۔

سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر سڑکوں پر لانے والے ذوالفقار علی بھٹو کی چالیس وی برسی آج ہے ۔ گڑھی خدا بخش میں جیالوں نے ڈیرے ڈال لئے ہیں ، ملک بھر سے قافلوں کے قافلے مزار پر حاضری کیلئے پہنچ رہے ہیں۔

ذوالفقار بھٹو کی برسی پر قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا،نوڈیرو شہر اور گڑھی خدابخش کے اطراف آنے والے راستوں کو پیپلزپارٹی کے جھنڈوں ،بینروں ،قائدین کی تصاویر سے سجایا گیا ہے۔

برسی کے حوالے سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، مزار بھٹو کے داخلی راستے پر واک تھرو گیٹس اور کلوز سرکٹ کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔

برسی کی مرکزی تقریب  سے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، سابق صدر آصف علی زرداری، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ سمیت پارٹی کے دیگر مرکزی اور صوبائی رہنما خطاب کریں گے۔

ذوالفقار علی بھٹو 1971 سے 1973 تک پاکستان کے صدر رہے ،اس کے بعد  وہ 1973 سے 1977 تک پاکستان کے وزیر اعظم  رہے ۔

بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ  شہادت کو 40 برس گزرگئے، بھٹو آج بھی عوام کی دلوں میں زندہ و محترم ہیں۔

سابق وزیر اعظم ذوالفقار بھٹو کو 1979 میں آج کے دن تختہ دار پر لٹکا دیا گیا تھا ، مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ  گڑھی خدا بخش کا یہ مکین چالیس سال بعد بھی لوگوں کے ذہن ودل میں ہے۔

پولیس نے گڑھی خدا بخش اور نوڈیرو میں فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا، ایڈیشنل آئی جی لاڑکانہ ڈاکٹر جمیل نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مختلف اضلاع کے 26 ایس ایس پیز گڑھی خدا بخش میں ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے ،گڑھی خدا بخش اور نوڈیرو میں 6 ہزار 300 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔ 

سکیورٹی ڈیوٹی پر  ڈی آئی جیز ،ایس ایس پی رینک سمیت اعلی افسران بھی شامل ہیں، 20کینال میں پارکنگ بنائی گئی ہے ۔