Thursday, March 28, 2024

ذوالفقار بھٹو کے والد شاہنواز بھٹو کے نام پر اسکول 12 سال سے بند ہونے کا انکشاف

ذوالفقار بھٹو کے والد شاہنواز بھٹو کے نام پر اسکول 12 سال سے بند ہونے کا انکشاف
February 20, 2020
 کراچی (92 نیوز) ذوالفقار بھٹو کے والد شاہنواز بھٹو کے نام پر اسکول 12 سال سے بند ہونے کا انکشاف ہو گیا۔ ذوالفقاربھٹو کی پوتی فاطمہ بھٹو نے بند اسکول کی تصاویر ٹویٹ کر دیں۔ بینظیر بھٹو کے نام پر ووٹ لینے والی سندھ حکومت کو سابق وزیراعظم کی بھتیجی نے ہی آئینہ دکھا دیا۔ فاطمہ بھٹو نے سجاول میں ذوالفقار بھٹو کے والد سر شاہنواز بھٹو کے نام پر اسکول 12 سال سے بند پڑے رہنے کا انکشاف کر دیا۔ فاطمہ بھٹو نے ٹوئٹ میں بند اور تباہ حال اسکولوں کی تصویریں شیئر کرکے مسلسل 11 سال سے برسر اقتدار جیالی حکومت کو حقیقت دکھا دی۔ ٹویٹ میں لکھا سندھ کے اسکول بند ہونا عملی طور پر کرپشن ہے۔ فاطمہ بھٹو نے سجاول سے ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کو طاقتور لوگ قرار دیا اور کہا طاقتور لوگ اسکول نہیں چلوا سکتے۔ بینظیر کی بھتیجی نے ٹویٹ میں لوگوں سے اپنے علاقوں کے اسکولوں کی تصاویر شیئر کرنے کی اپیل بھی کر دی۔ نائنٹی ٹو نیوز نے فاطمہ بھٹو کے ٹویٹ کا معاملہ اٹھایا تو معلوم ہوا کہ سجاول میں سر شاہنواز بھٹو گورنمنٹ پرائمری اسکول 40 سال پہلے قائم کیا گیا۔ عمارت زبوں حالی کا شکار ہے، علاقے کے سیکڑوں بچے زیور تعلیم سے محروم ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ جیالوں کے تیسرے دور میں بھی سر شاہنواز بھٹو اسکول نہ کھل سکا۔ منتخب نمائندوں اور محکمہ تعلیم کو درخواست بھی دی پھر بھی نوٹس نہیں لیا گیا۔ اسکول نئے سرے سے تعمیر کرایا جائے۔