Friday, May 3, 2024

ذاتی معلومات ختم کرانے کیلئے ساڑھے تین لاکھ یورپی باشندوں کی گوگل کو درخواستیں

ذاتی معلومات ختم کرانے کیلئے ساڑھے تین لاکھ یورپی باشندوں کی گوگل کو درخواستیں
November 28, 2015
فرینکفرٹ (ویب ڈیسک) عالمی سرچ انجن گوگل کو اب تک ساڑھے تین لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جن میں ادارے سے کہا گیا ہے کہ وہ ان کی ذاتی معلومات ختم کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق یورپی عدالت کی طرف سے گزشتہ برس انٹرنیٹ صارفین کو یہ حق دیا گیا تھا کہ وہ چاہیں تو آن لائن موجود اپنی معلومات ختم کرا سکتے ہیں۔ گوگل کو موصولہ درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ ان کے حوالے سے آن لائن موجود معلومات کو مٹا دیا جائے تاکہ وہ سرچ نتائج میں ظاہر نہ ہوں تاہم گوگل کی طرف سے اب تک ان میں سے نصف سے بھی کم درخواستوں پر عملدرآمد کیا گیا ہے۔ اس کی ایک وجہ گوگل کی طرف سے پرائیویسی اور لوگوں کے ”جاننے کے حق“ کے درمیان توازن قائم رکھنے کا فیصلہ ہے۔ واضح رہے کہ یورپی عدالت انصاف کی طرف سے مئی 2014ءکو دیے گئے ایک فیصلے میں صارفین کے ”بھلائے جانے کے حق“ کو تسلیم کیا گیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد گوگل کے صارفین کو یہ حق حاصل ہو گیا تھا کہ وہ اس سرچ انجن سے مطالبہ کر سکتے ہیں کہ ایسی معلومات جو درست نہیں یا اب وہ متعلقہ نہیں تو اسے سرچ نتائج سے ہٹا دیا جائے۔ اس مقصد کے لیے گوگل نے ایک آن لائن فارم بنایا ہے جسے یورپی صارفین بھر سکتے ہیں اور گوگل سے مطالبہ کر سکتے ہیں کہ وہ معلومات سرچ نتائج سے ہٹا دی جائیں۔ سب سے زیادہ درخواستیں فرانس کی جانب سے موصول ہوئی ہیں۔ فرانس کے بعد سب سے زیادہ درخواستیں جرمن صارفین کی طرف سے موصول ہوئی ہیں۔