Saturday, May 11, 2024

حجرہ شاہ مقیم میں ڈاکوؤں کی دوران ڈکیتی خاتون سے اجتماعی زیادتی، وزیراعلیٰ کا نوٹس

حجرہ شاہ مقیم میں ڈاکوؤں کی دوران ڈکیتی خاتون سے اجتماعی زیادتی، وزیراعلیٰ کا نوٹس
September 21, 2020
حجرہ شاہ مقیم (92 نیوز) سانحہ موٹروے کے بعد خاتون کے ساتھ ڈاکوؤں کی اجتماعی زیادتی کا ایک اور واقعہ، حجرہ شاہ مقیم میں بھی ڈاکوؤں نے گھر میں گھس کر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ وزیراعلیٰ اور آئی جی پنجاب نے ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ سانحہ موٹروے کی خوفناک بازگشت تھم نہ سکی، دیپالپورکے نواح میں بھی ڈاکوؤں نے گھرمیں گھس کر خاتون کو اجتماعی زیاتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ صالحووال میں 7 ڈاکو گھرمیں داخل ہوئے اورگھروالوں کو کمرے میں بند کرکے لوٹ مار کی اور چار ڈاکو خاتون سے زیادتی بھی کرتے رہے۔ ڈاکو واردات کے بعد فائرنگ بھی کرتے رہے جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ڈاکو واردات کے بعد گھرسے طلائی زیورات اور ایک لاکھ روپے بھی لوٹ کر لے گئے۔ ڈکیتی اور مبینہ اجتماعی زیادتی کا مقدمہ تھانہ صدر دیپالپور میں درج کرکے  ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں، ڈی پی اواکاڑہ عمر سعید ملک اور آر پی او طارق عباس قریشی جائے واردات پر پہنچے۔ ڈی پی اوکاڑہ عمر سعید ملک نے 92 نیوز سے بات چیت میں کہا کہ فارنزک ٹیموں نے ضروری شواہد اکٹھے کر لیے، ملزموں کو جلد گرفتار کرلیں گے۔ پی ٹی آئی کے رہنما راؤ صفدرعلی خان کا کہناہے کہ واردات کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیلا ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے کر متعلقہ پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔ آئی جی پنجاب انعام غنی نے آر پی او ساہیوال کو ملزموں کی فوری گرفتاری کاحکم دے دیا۔