Friday, May 17, 2024

دیپالپور میں ٹڈی دل کا یلغار، پپلی پہاڑ جنگل کو مسکن بنالیا

دیپالپور میں ٹڈی دل کا یلغار، پپلی پہاڑ جنگل کو مسکن بنالیا
February 14, 2020
دیپالپور (92 نیوز) دیپالپور میں ٹڈی دل نے یلغار کردیا، پپلی پہاڑ جنگل کو مسکن بنالیا، سیکڑوں ایکڑ فصلیں تباہ  ہوگئیں اورکسانوں کا دیوالیہ نکل گیا، انتظامیہ بے بس ہوئی تو ڈپٹی کمشنر نے ٹڈی دل پکڑو، انعام پاؤ اسکیم متعارف کرادی،ایک کلو ٹڈی دل کا ریٹ20روپے مقرر، پپلی پہاڑ پارک میں ٹڈی دل کی خریدو فروخت شروع ہوگئی۔ ڈھول کی یہ تھاپ بھنگڑے کیلئے نہیں بلکہ دیپالپور پر یلغار کرنے والے ٹڈی دل کو بھگانے کیلئے ہے، ٹڈی دل نے دیپالپور کے علاقوں جہانگیر آباد، نہرانوالہ، جواہر سنگھ اور لکڑنوالہ میں فصلوں پر لشکر کشی کردی۔ ٹڈی دل نے ملک کے دوسرے بڑے مصنوعی جنگل پپلی پہاڑ کو مسکن بنا لیا، درختوں کو چٹ کرنے لگی، انتظامیہ ناکام ہوئی تو ڈپٹی کمشنر نے ٹڈی دل پکڑو، انعام پاؤ اسکیم متعارف کرادی اور20روپے کلو ریٹ مقرر کردیا۔ انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ تھیلے ہم دیں گے،آپ ٹڈی دل پکڑیں،کلو کے حساب سے ہمیں دیں اور پیسے لے جائیں اس پر شہریوں نے سیکڑوں کلو گرام ٹڈی دل پکڑ کر انتظامیہ کو جمع بھی کرادی اور پیسے وصول کرلئے کسان رہنماؤں کا کہنا ہے ٹڈی دل کی وجہ سے کسانوں کو بہت مشکلات کا سامنا ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت دیپالپور چودھری محمد سرور کا کہنا ہے ہم نے کسانوں کو ٹڈی دل سے آگاہی کی مہم چلائی تھی خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں ٹڈی دل کی روک تھام کیلئے کارروائی جاری ہے، ڈی آئی خان، ٹانک اور دیگر اضلاع میں فصلوں پر اسپرے کیا جارہا ہے۔