Thursday, April 25, 2024

دیوسائی نیشنل پارک بھورے برفانی ریچھوں کا مسکن بن گیا

دیوسائی نیشنل پارک بھورے برفانی ریچھوں کا مسکن بن گیا
November 28, 2019
سکردو(92 نیوز) گلگت بلتستان کا بلند ترین سیاحتی مقام دیوسائی نیشنل پارک بھورے برفانی ریچھوں کا مسکن بن گیا۔ برفباری کے بعد ریچھ سرمائی نیند کی تیاری میں مصروف ہیں۔ پارک میں ریچھوں کی تعداد 17 سے بڑھ کر 78 ہوگئی۔ محکمہ وائلڈ لائف کنزرویشن ریچھوں کے تحفظ کے لئے مصروف عمل ہے۔ ایشیا میں بھورے ریچھوں کی سب سے زیادہ تعداد سکردو میں واقع دنیا کے دوسرے بلند مقام دیوسائی میں پائی جاتی ہے۔ بھورےریچھ ندی نالوں میں جڑی بوٹیاں کھا کرجسم میں خوب چربی جمع کرتے ہیں۔یخ بستہ سردی میں سرمائی نیند میں چلے جاتے ہیں اور زیادہ تر وقت سوتے ہوئے گزارتےہیں۔ بھورے ریچھ طویل سرمائی نیند سے آپریل کے آخری ہفتے کے دوران جاگتے ہیں اور اکتوبر تک خوب کھا پی کر اپنا وزن بڑھاتے ہیں۔ریچھ مارمیٹ اور چھوٹے جنگلی جانور کا شکاربھی کرتے ہیں۔ ریچھوں کوخوراک نہ ملے تو سردیوں کی نیند سے دوبارہ کبھی نہیں جاگتے اور موت واقع ہو جاتی ہے۔۔ محکمہ وائلڈ لائف کنزرویشن ان کی افزائش نسل کے لئے کام کررہا ہے۔ دیوسائی میں اس وقت بھورے ریچھوں کی تعداد 17 سے بڑھ کر 78 تک پہنچ گئی ہے۔