Sunday, September 8, 2024

دینی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس‘ حقوق نسواں بل واپس لینے کا مطالبہ

دینی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس‘ حقوق نسواں بل واپس لینے کا مطالبہ
March 15, 2016
لاہور (92نیوز) صوبائی دارالحکومت میں مذہبی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق تحفظ حقوق نسواں بل خاندانی نظام توڑنے کے خلاف سازش ہے۔ اس قانون کے باعث شرح طلاق میں اضافہ ہو گا اس لیے یہ بل ستائیس مارچ تک واپس لیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق مذہبی جماعتوں کی اے پی سی جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں ہوئی جس میں خواتین کے تحفظ کے لیے قرآن و سنت کی روشنی میں نیا قانون لانے اور تحفظ حقوق نسواں بل کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق تحفظ ناموس رسالت اور عشق مصطفی امت مسلمہ کا قیمتی سرمایہ ہے۔ خواتین کے تحفظ کے لیے پہلے سے موجود قوانین پر سختی سے عمل کرایا جائے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ گھریلو تشدد کے اصل محرکات غربت، جہالت مہنگائی اور بے روزگاری ہیں۔ خواتین کے تحفظ کے لیے جہیز کی لعنت کا خاتمہ کیا جائے۔ ہم خواتین کو حقیقی حقوق ہر صورت دلوائیں گے۔ اعلامیہ میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ متنازعہ بل کی واپسی کو یقینی بنایا جائے۔