Saturday, April 27, 2024

دیت نہیں نوازشریف اور شہبازشریف سے قصاص لیں گے : طاہرالقادری

دیت نہیں نوازشریف اور شہبازشریف سے قصاص لیں گے : طاہرالقادری
September 4, 2016
راولپنڈی (92نیوز) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ کل بھوشن یادیو ہی نہیں نوازشریف اور شہبازشریف بھی بھارتی ایجنٹ ہیں۔ ہمارے پاس دو آپشنز ہیں ایک اسلام آباد اور دوسرا رائیونڈ کی طرف مارچ۔ نواز شریف اور شہباز شریف سے قصاص لیں گے۔ شہیدوں کے خون پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ راولپنڈی میں قصاص ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ کارکنوں کو بدامنی کی طرف نہیں لے جانا چاہتا لیکن قصاص بھی نہیں چھوڑ سکتا۔ انہوں نے جلسہ میں شریک عوامی تحریک کے کارکنوں سے رائے لی جن کی اکثریت نے رائے ونڈ جانے کی حمایت کر دی۔ طاہر القادری نے کہا کہ ہم انصاف لینا چاہیں تو سات روز میں لے سکتے ہیں لیکن ہم بے امنی نہیں چاہتے۔ شہیدوں کے وارث دیت نہیں لیں گے۔ ہم نواز شریف اور شہباز شریف سے قصاص لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ان کے کسی کارکن کو نہیں خرید سکتی۔ طاہر القادری نے نواز شریف کو چیلنج کیاکہ ان کے گارڈ کو خرید کر انہیں قتل کرا دیا جائے تو مقدمہ بھی درج نہیں ہو گا۔ طاہر القادری نے کہا کہ کل بھوشن یادیو ہی نہیں نوازشریف اور شہبازشریف بھی بھارتی ایجنٹ ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نوازشریف اور شہبازشریف کی شوگر ملوں میں 300 سے زائد بھارتی ایجنٹ بیٹھے ہیں۔ شریف برادران بھارت کی مدد سے اپنی شوگر ملوں میں بجلی کے پلانٹ لگا رہے ہیں۔ طاہر القادری نے کارکنوں سے کہا کہ کینیڈا جانے پر ان کے کسی کارکن کو اعتراض نہیں تو کسی اور کو کیوں ہے۔