Thursday, April 25, 2024

دیارِ غیر میں مقیم سینکڑوں پاکستانی کورونا وائرس سے چل بسے ہیں

دیارِ غیر میں مقیم سینکڑوں پاکستانی کورونا وائرس سے چل بسے ہیں
April 28, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) دیارِ غیر میں بسنے والے سینکڑوں  پاکستانی کورونا وائرس کے باعث لقمہ اجمل بن چکے ہیں ، برطانیہ میں سب سے زیادہ اوورسیز پاکستانی مہلک وائرس کا نشانہ بنے ہیں ۔

جہاں غیر سرکاری اعداد و شمار کےمطابق برطانیہ میں   600پاکستانی جاں بحق ہوچکےہیں  ، جاں بحق پاکستانیوں کی اکثریت کاتعلق لندن ، برمنگھم ، والسل  مانچسٹر اور دیگر شہروں سے ہے،برمنگھم میں سب سےزیادہ اوورسیزپاکستانی اس خونی وائرس کا نشانہ بنےہیں۔

اسی طرح امریکا میں کورونا کےباعث انتقال کرجانے والے پاکستانیوں کی تعداد 400 ہے۔ ملائیشیا میں مقیم پاکستانی شہریوں کی تعداد تقریبا ایک لاکھ ہے ، اب تک کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملیشیا میں 29 پاکستانیوں میں کورونا  وائرس کی تشخیص ہوئی  ہے  جن میں سے تقریبا 15 صحتیاب ہونے پر  اسپتالوں سے فارغ کر دیے گئے ، جبکہ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے  ایک پاکستانی تاجر حاجی محمد کشمالی خان کورونا وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے ان کی عمر تقریبا 80 برس تھی ۔

تھائی لینڈ میں دو پاکستانیوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی  جن میں سے ایک صحت یاب ہوچکاہے جبکہ دوسرا اسپتال میں زیرعلاج ہے۔

جرمنی میں اب تک اوورسیز پاکستانیوں کے 2 کیس سامنے آئے ہیں جن میں ایک 62 سالہ محمد آصف کا تعلق گجرات سے تھا  جوکورونا کی تاب نہ لاکرچل بسے  دوسرے پاکستانی کوقرنطینہ میں رکھا جارہاہے اوران کی حالت مستحکم ہے۔

اسپین میں 120پاکستانی کورونا سے متاثرہوئے جن میں 11 خواتین بھی شامل تھیں  ، مہلک وائرس کا نشانہ بنانےوالے7اوورسیزپاکستانی جاں بحق  ہوگئے ، پاکستانی سفارتخانہ فرانس کےمطابق کرونا وائرس سے 45 سے زائد اوورسیزپاکستانی متاثر ہوئے جبکہ  14 افراد جان کی بازی ہارگئے۔

اٹلی میں کورونا وائرس سے 100 کے قریب پاکستانی متاثر ہوئے تھے جن میں سے اکثریت صحتیاب ہوچکی ہے۔  وفات پانے والوں کی تعداد بھی 6 ہے۔ جن میں سے دو بیرگامو، ایک مچھتراتہ، دو بریشیا، ایک میلان میں ہے۔