Thursday, March 28, 2024

دی یونیورسٹی آف فیصل آبادمیں محفل نعت،کلید بردار روضہ رسول ؐ کی خصوصی شرکت

دی یونیورسٹی آف فیصل آبادمیں محفل نعت،کلید بردار روضہ رسول ؐ کی خصوصی شرکت
October 4, 2018
فیصل آباد ( 92 نیوز) دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں سرور کونین ، نبی مہرباں حضرت محمد مصطفی ﷺ سے اظہارعقیدت و محبت کے لیے سالانہ محفل پاک کا اہتمام کیا گیا ۔  رحمتوں بھری محفل میں روضہ رسول ﷺ کے کلید بردار شیخ نوری محمد احمد علی اوردربار بغداد شریفؒ سے حضرت سیدنا غوث پاک کے سجادہ نشین سید شیخ خالد منصور گیلانی  بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں رحمت دو عالم، خاتم النبین حضرت محمد ﷺ کی شان اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کرنے کے لیے عظیم الشان محفل کا انعقاد کیا گیا ۔ محفل میں  محمد عربی ﷺ کی بارگاہ  میں درود و سلام اور نعتیہ پھول پیش کیے گئے، محفل پاک میں روضہ رسول ﷺ کے کلید بردا ر  شیخ نوری محمد احمد اور دربار بغداد شریفؒ سے حضرت سیدنا غوث پاک کے سجادہ نشین سید شیخ خالد منصور گیلانی مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ معروف نعت خواں عبدالرؤف روفی نے نعتیہ کلام سنا کر دل موہ لئے ، پرنور محفل میں شہر بھر کی تاجر برادری، صنعتکاروں سمیت ہر طبقہ فکر کے افراد نے  بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سید شیخ خالد منصور گیلانی نے اس موقع پر نبی آخرالزمان حضرت محمد مصطفی ﷺ کی سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی۔ رحمتوں بھری محفل میں پر کیف ماحول نے حاضرین محفل پر رقت طاری کر دی اور شرکاء مہمان خصوصی کے دیدار کا شرف حاصل کرتے رہے۔ اس موقع پر حاضرین محفل نے روضہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہہ، بی بی زینب اور حضرت غوث پاک رحمتہ اللہ علیہ کے درباروں کی چادر شریف کی زیارت کی۔ محفل کے اختتام پر پاکستان میں امن و سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔