Friday, April 19, 2024

دی یونیورسٹی آف فیصل آباد لاہور کیمپس کا باقاعدہ افتتاح کردیاگیا

دی یونیورسٹی آف فیصل آباد لاہور کیمپس کا باقاعدہ افتتاح کردیاگیا
October 1, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) دی یونیورسٹی آف فیصل آباد لاہور کیمپس کا باقاعدہ افتتاح کردیاگیا، روضہ رسولؐ کے کلیدبردار الشیخ نوری محمداحمدعلی  نے اپنے دستِ مبارک سے فیتہ کاٹا اور ادارے کی کامیابی کے لیے دعائے خیر بھی کی۔ جدید تعلیم، کردار کی تعمیر  اور افکار کی تطہیر کے ساتھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے  ڈبلیو 4ٹاپ کیٹگری کا اعزاز رکھنے والی دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے عالم ٹاور لاہور کیمپس میں کلاسز کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔ اس موقع پر طلباء اور انتظامیہ کی حوصلہ افزائی کے لیے خادمِ مسجدِ نبویﷺ اور کلیدبردارِ روضۂ رسول ﷺ الشیخ نوری محمد احمد علی خصوصی طور پر تشریف لائے۔ چیئرمین مدینہ گروپ آف انڈسٹریز  میاں محمد حنیف، گروپ ایڈوائزر 92 نیوز محمد اسلم ترین، گروپ ایڈیٹر روزنامہ 92 نیوز ارشاد احمد عارف اور معروف عالمِ دین جسٹس (ر) نذیر احمد غازی سمیت یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء و طالبات نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ الشیخ نوری محمد احمد علی نے فیتہ کاٹ کر یونیورسٹی کے تعلیمی سال کا افتتاح کیا اور خیر وبرکت کے لیے خصوصی دعا بھی فرمائی ۔ معزز مہمان کو یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کروایا گیا جہاں انہوں نے طلباء کو دی جانے والی تعلیمی سہولتوں اور انتظامات کی تعریف کی۔ اساتذہ کرام اور انتظامیہ نے الشیخ نوری محمد احمد علی  کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کی موجودگی کو اپنے لیےباعثِ سعادت قرار دیا۔