Thursday, April 25, 2024

’دی آئیڈیا آف پاکستان‘ کے مصنف سٹیفن انتقال کر گئے

’دی آئیڈیا آف پاکستان‘ کے مصنف سٹیفن انتقال کر گئے
October 30, 2019
نیویارک( ویب ڈیسک ) جنوبی ایشیا کے سکیورٹی امور کے ماہر اور معروف امریکی پروفیسر، ڈاکٹر سٹیفن کوہن 83 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ۔ امریکہ کے بروکنگز انسٹیٹیوٹ سے منسلک ڈاکٹر کوہن گذشتہ 50 برس سے پاکستان اور انڈیا کے دفاعی امور کے محقق تھے اور ماضی میں امریکی صدر ریگن کی انتظامیہ کے ساتھ بھی وابستہ رہے ، اسٹیٹ یونیورسٹی آف نیو یارک ایٹ البانی سے منسلک جوڑا پروفیسر کرسٹوفر کلئیری اور پروفیسر نیلوفر صدیقی ڈاکٹر کوہن کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹر کوہن کے حوالے سے تحریر مضمون میں کہا پروفیسر سٹیون کوہن کا نام نہ صرف ان کی جنوبی ایشیا پر کی گئی سکالرشپ کی وجہ سے تاریخ میں زندہ رہے گا بلکہ اس سے بھی زیادہ بڑی وجہ وہ تمام طلبہ ہیں جنھوں نے پروفیسر کوہن کو اپنا استاد کہا اور ان سے رہنمائی حاصل کی۔  ڈاکٹر سٹیون کوہن نے اپنی زندگی میں متعدد کتب  اور مضامین تحریر کیے لیکن ان میں سے تین کتابیں جو انھوں نے پاکستان کے بارے میں لکھیں خاص طور پر اہم ہیں۔ پاکستان میں دلچسپی رکھنے والے کسی بھی فرد کے لیے لازم ہے کہ وہ ڈاکٹر کوہن کی معرکتہ الآرا کتاب، ’دی آئیڈیا آف پاکستان‘ سے آغاز کرے ۔ یہ کتاب گواہی دیتی ہے کہ ڈاکٹر کوہن کو کس حد تک  پاکستانی تاریخ، پاکستانی سیاست اور پاکستانی فوج کی سمجھ تھی ، سنہ 1984 میں لکھی گئی ان کی کتاب ’دی پاکستان آرمی‘ کے بارے میں خاص بات یہ تھی کہ اس کے لیے انھوں نے پاکستان کے اُس وقت کے سربراہ، فوجی جنرل ضیا الحق سے براہ راست بات چیت کی تھی، جنھوں نے ڈاکٹر کوہن کو پاکستان فوج تک بھرپور رسائی فراہم کی ۔ ان کی تیسری اہم کتاب سنہ 2007 میں لکھی گئی ’فور کرائسز اینڈ پیس پراسیس‘ تھی جو انھوں نے انڈیا کے محقق پی آر چری اور پاکستانی محقق پرویز اقبال چیمہ کے ساتھ تحریر کی تھی، اس کتاب میں انھوں نے جنوبی ایشیا میں سنہ 1987 سے شروع ہونے والے جوہری تنازع پر روشنی ڈالی تھی اور اس کا تجزیہ کیا تھا۔ ان کا انتقال اتوار 27 اکتوبر کو ہوا۔