Friday, March 29, 2024

دہشتگردی کیخلاف اسلامی ممالک کے 41 رکنی فوجی اتحاد کا افتتاحی اجلاس

دہشتگردی کیخلاف اسلامی ممالک کے 41 رکنی فوجی اتحاد کا افتتاحی اجلاس
November 26, 2017

ریاض ( 92 نیوز ) دہشتگردی کے خلاف اسلامی ممالک کے اکتالیس رکنی فوجی اتحاد کا ریاض میں افتتاحی اجلاس منعقد ہوا ۔ سعودی ولی عہد نے کہا کہ کسی کو اپنے دین کو بدنام نہیں کرنے دیں گے ۔ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کا کہنا ہے کہ اسلامی اتحاد کسی ملک یا فرقے کے خلاف نہیں ۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقدہ اسلامی فوجی اتحاد کے افتتاحی اجلاس میں وزیر دفاع خرم دستگیر نے پاکستان کی نمائندگی کی ۔ اجلاس کی صدارت ولی عہد اور وزیر دفاع محمد بن سلمان نے کی ۔
شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ انتہا پسندوں کو اپنے دین کو بدنام کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ تمام رکن ممالک کو اس بات کا عہد کرنا ہوگا کہ دنیا بھر سے ہر قسم کی دہشتگردی کا خاتمہ کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔
جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد کا واحد مقصد دہشتگردی کا خاتمہ ہے ۔ یہ کسی ملک یا فرقے کے خلاف نہیں ۔
راحیل شریف کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی فوجی اتحاد اپنے شراکت داروں کو انٹیلی جنس کی فراہمی اور استعداد کار میں اضافے کیلئے تعاون فراہم کریگا ۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان نےدہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا۔
دسمبر 2015 میں سعودی عرب کی سربراہی میں دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑنے کیلئے اسلامی فوجی اتحاد کی بنیاد رکھی گئی ،جس میں پاکستان ،مصر، متحدہ عرب امارات ، ترکی ، ملائشیا سمیت 41مسلم ممالک شامل ہیں۔