Tuesday, May 14, 2024

دہشتگردی کو ختم کرنا پاکستان کے کریڈٹ پر ہے ، عادل الجبیر

دہشتگردی کو ختم کرنا پاکستان کے کریڈٹ پر ہے ، عادل الجبیر
February 20, 2019
 نیو دہلی (92 نیوز) سعودی وزیر مملکت خارجہ امور عادل الجبیر نے کہا دہشتگردی کو ختم کرنا پاکستان کے کریڈٹ پر ہے۔ بھارتی اینکر کو شدید خفت اور شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ بھارتی صحافی سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ عادل الجبیر کو پاکستان کے خلاف بولنے کے لئے ابھارتی رہیں لیکن وہ تمام سوالات کو رد کرتے ہوئے پاکستان کی تعریفوں کے پل باندھتے رہے۔ وزیر مملکت برائےخارجہ عادل الجبیر کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کے اقدامات کو سراہا گیا۔ اینکر انہیں پاکستان کے خلاف بار بار سوال کرتی رہیں لیکن وہ پاکستان کی تعریفیں کرتے رہے بلکہ پاک فوج کی قربانیوں کے گن گاتے رہے۔ بھارتی اینکر نے دہشت گردوں کی عالمی فہرست اور پاک سعودیہ مشترکہ اعلامیہ پر بھارتی حکومت کی مایوسی کے حوالے سے  سوال کیا تو اسے سوال کے بعد جواب میں بھی مایوسی کا سامنا کرناپڑا۔ عادل الجبیر کا دوٹوک انداز میں کہنا تھا کہ اگر کسی ملک کے پاس کسی شخص یا تنظیم کے بارے میں ثبوت ہیں تو عالمی فورم پر پیش کریں۔ بھارتی اینکر نے مسعود اظہر کے بارے میں پھر سوال دہرایا۔ سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ نے پھر بھارتی اینکر کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور کہا کہ وہ اس ایشو پر بات کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔ پاک بھارت کشیدگی پر کئے گے سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو کشیدگی ختم کرنے کے لئے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا ہو گا اور سعودی عرب دونوں ممالک میں تعلقات نارمل کرنے میں کردار ادا کرسکتا ہے کیونکہ پاکستان سعودی عرب کے لئے نہایت ہی اہمیت کا حامل ملک ہے ۔