Saturday, April 20, 2024

دہشتگردوں کے مالی معاونت کے سینکڑوں معاملات زیرتفتیش ہیں : چودھری نثار

دہشتگردوں کے مالی معاونت کے سینکڑوں معاملات زیرتفتیش ہیں : چودھری نثار
January 19, 2017
اسلام آباد(92نیوز)وزیرداخلہ چوہدری نثار نے سینیٹ میں انکشاف کیا ہے کہ بعض غیر ملکی حساس ادارے بھی پاکستان میں دہشت گردوں کو فنڈنگ کرتے ہیں۔ دہشت گردوں کی مالی معاونت کے سینکڑوں معاملات زیرتفتیش ہیں۔ سینیٹر جہانزیب جمالدینی کہتے ہیں کہ کچھ دوست ممالک بھی انتہا پسند تنطیموں کی حمایت کرتے ہیں۔ تفصیلات کےمطابق ایوان بالا میں وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان  نے تحریری جواب میں بتایا ہےکہ ملک میں دہشت گردوں کی فنڈنگ سے متعلق 100 فیصد معلومات حاصل کرنا مشکل ہے۔ بھتے سے وصول کی جانے والی رقم بھی دہشت گردوں کے ہاتھ تک پہنچتی ہے۔بعض غیر ملکی حساس ادارے بھی پاکستان میں دہشت گردوں کو فنڈنگ کرتے ہیں۔مسلح تنظیمیں بھی فنڈز کے لیے منشیات فروشوں سے رابطے میں رہتی ہیں۔دہشت گرد تنظیمیں اور منشیات فروش پاک افغان سرحد پر سرگرم ہوتے ہیں۔ جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں کی مالی معاونت کے سینکڑوں معاملات زیرتفتیش ہیں۔ فارن ایکسچینج ریگولیشنز ایکٹ کے تخت 498 مقدمات درج ہیں۔اینٹی منی لانڈرنگ کے تخت 230 مقدمات درج ہیں۔ مشکوک ترسیلات کی رپوٹوں پر 116 مقدمات درج ہیں۔ موجودہ حکومت کے دور میں دہشت گردی کے 5321 واقعات ہوئے۔ان واقعات میں 4613 لوگ جاں بحق جبکہ 12188 زخمی ہوئے۔ سینیٹرجہانزیب جمالدینی کہتے ہیں کہ کچھ دوست ممالک بھی انتہا پسند تنطیموں کی حمایت کرتے ہیں۔اجلاس کے دوران موبائل فون بجنے پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اگر دوبارہ کسی کا فون بجا تو ضبط کرلیا جائے گا۔۔