Tuesday, April 23, 2024

دہشتگردوں کو دنیا میں رہنے کا کوئی حق نہیں، ڈرنے والے نہیں، وزیراعظم نوازشریف کا دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عزم مزید مضبوط ہوا: وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید

دہشتگردوں کو دنیا میں رہنے کا کوئی حق نہیں، ڈرنے والے نہیں، وزیراعظم نوازشریف کا دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عزم مزید مضبوط ہوا: وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید
May 13, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان کے سیاستدان، میڈیا گروپس، دانشوروں کے علاوہ ہر طبقہ فکر پر فرض ہے کہ کراچی میں دہشت گردی کے ہولناک واقعہ کی مذمت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی مذمت کرنا اور انہیں مجرم ٹھہرانا ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسے واقعات سے ڈرنے والے نہیں، قوم کو چاہیے کہ دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے قومی سلامتی کے اداروں کی مدد کرے۔ وزیراعظم نوازشریف کا دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے عزم مزید مضبوط ہوا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں کراچی کے حالات درست کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور آج کراچی کے لوگ اپنے آپ کو زیادہ محفوظ سمجھتے ہیں جبکہ آج کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ اس حملے میں ملک کی ذمہ دار کمیونٹی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بہت بڑے چیلنج کا سامنا ہے، پاکستان کی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔ دہشت گردوں کو اس دنیا میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ اس موقع پر بھی وہ عمران خان کو نہ بھولے اور کہا کہ ان سے گزارش کرتا ہوں کچھ عرصے کے لئے سیاسی جملے بازی بند کر دیں، انہیں چاہیے کے دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے حکومت کا بھرپور ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخاب کا عمل آئے گا تو تقریریں بھی کر لیں گے، ابھی دہشت گردی کے خلاف لڑنا ہو گا۔ عدالتی فیصلوں کے آنے تک سب کو خاموش رہنا چاہیے۔ ہم ملک کی موجودہ صورتحال اور امن وامان کے قیام کے لیے سیزفائر کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں وفاقی حکومت اپنا گورنر بنا سکتی تھی جبکہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی حکومت بنا سکتے تھے لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا جبکہ کے پی کے میں تحریک انصاف کے پاس اکثریت نہیں تھی، حکومت نے انہیں اتحاد بنانے کے لیے موقع فراہم کیا۔