Thursday, April 25, 2024

دہشتگردوں کو اسلحہ لائسنس دینے کا معاملہ، پولیس کا تین سرکاری اداروں میں چھاپوں کا فیصلہ

دہشتگردوں کو اسلحہ لائسنس دینے کا معاملہ، پولیس کا تین سرکاری اداروں میں چھاپوں کا فیصلہ
January 6, 2019
کراچی (92 نیوز) کراچی میں دہشت گردوں کو اسلحہ لائسنس دینے کے معاملے میں اہم انکشافات سامنے آگئے ہیں ۔ پولیس نے تین سرکاری اداروں میں چھاپے مارنے کا فیصلہ کر لیا۔ کراچی میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ۔ سندھ حکومت کے زیر انتظام چلنے والے دفاتر میں چھاپے مارنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق غیر قانونی اسلحہ لائسنس بنانے میں سرکاری افسر ملوث ہیں۔ اسلحہ کراچی کے اسٹریٹ کرمنلز کو بھی فراہم کیا گیا۔ چھاپے ایسٹ اور کورنگی کے دفاتر میں مارے جائیں گے۔ گرفتار سرکاری افسر اور پولیس اہلکار نے نشاندہی کر دی ہے۔ دوسری طرف کراچی میں دہشت گردوں اور اسٹریٹ کرمنلز کو اسلحہ لائسنس فروخت کرنے کے معاملے میں اہم گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں۔ پولیس اہلکار اور سرکاری افسر دہشت گردوں اور اسٹریٹ کرمنلز کو اسلحہ فراہم کرتے تھے۔ ڈی سی آفس ضلع کورنگی اورایسٹ  کے دفاتر سے بھی لائسنس بننے کا انکشاف ہوا ہے۔ وزیرستان اور بلوچستان کے شہریوں کے بھی اسلحہ لائسنس بنائے گئے۔ سابق ایڈیشنل سیکریٹری ریونیو کے بیٹے کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ڈی سی آفس میں تعینات اہلکار محمدعثمان کو معطل کردیا گیا جبکہ محکمے نے برطرفی کی سفارش کی ہے۔  اہلکار عثمان جعلی اسلحہ لائسنس بنانے والے نیٹ ورک کو سپورٹ کر رہا تھا۔