Sunday, September 8, 2024

دہشتگردوں کا گرفتاری سے بچنے کا نیا حربہ، اخبار میں تبدیلی نام کا اشتہار

دہشتگردوں کا گرفتاری سے بچنے کا نیا حربہ، اخبار میں تبدیلی نام کا اشتہار
March 16, 2016
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) دہشت گردوں نے گرفتاری سے بچنے اور اپنی شناخت چھپانے کے لیے شناختی کارڈ میں نام تبدیل  کرانے شروع کر دیئے۔ دہشت گردوں کا  خود کو پوشیدہ رکھنے کا ایک اور حربہ سامنے آگیا۔ اخبار میں تبدیلی نام کا اشتہار دو اور حلیہ بدل کر شناختی کارڈ پر بآسانی نام تبدیل کرا لو۔ سیکورٹی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ دہشت گرد شہر اور ملک کے مختلف حصوں میں نام بدل کر وارداتیں کر رہے ہیں۔ دہشت گرد سکیورٹی اداروں سے بچنے کے لیے اخبارات میں اشتہار دے کر شناختی کارڈ پر نام تبدیل کر لیتے ہیں۔ مطلوب ترین دہشتگرد عطاء الرحمٰن عرف نعیم بخاری کے نام کی  تبدیلی کا اشتہار 92 نیوز نے حاصل کر لیا۔ یہ اشتہار 12 اکتوبر 2014 کو اخبار میں شائع ہوا۔ اشتہار کے متن میں ہے کہ "میں نے اپنا نام عطاء الرحمٰن بخاری ولد فقیر محمد سے تبدیل کر کے غلام محمد ولد فقیر محمد رکھ لیا ہے" جس کے بعد نادرا سے نعیم بخاری کو پرانے شناختی کارڈ نمبر پر ہی نئے نام غلام محمد کے ساتھ دوسرا شناختی کارڈ 6 نومبر 2014 کو جاری ہو گیا۔ مطلوب ترین دہشتگرد نعیم بخاری کی گرفتاری پر 2 کروڑ روپے انعام مقرر تھا۔ نام تبدیل کر کے دہشتگرد نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چکما دینے کی کوشش کی مگر ناکام رہا اور اب تفتیشی اداروں کی تحویل میں ہے۔