Friday, May 17, 2024

دہشتگردوں کا جیل سے فرار ، ذمہ داران کو6 سال قید کی سزا

دہشتگردوں کا جیل سے فرار ، ذمہ داران کو6 سال قید کی سزا
October 12, 2019
کراچی ( 92 نیوز) کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے سینٹرل جیل سے کالعدم تنظیم کے دو دہشتگردوں  کے فرار سے متعلق کیس کا فیصلہ سنادیا ، عدالت نےاسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل غلام مرتضیٰ سمیت  14 مجرموں کوغفلت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے  6، 6 سال قید کی سزا سنائی ہے ۔ سینٹرل جیل کراچی سے دو  دہشتگردوں کے فرار کے معاملے میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے فیصلہ سنادیا  اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ  جیل غلام مرتضیٰ، عبدالرحمان شیخ سمیت 14 مجرموں کو 6 ،6 سال قید کی سزا سنادی ۔ مقدمے کے دیگر مجرمان میں جیل افسران فہیم انور، سالک ایاز اور رفیق چنا سمیت 14 افراد شامل ہیں ، ضمانت پر رہا تمام مجرموں کو عدالتی فیصلے کے بعد جیل بھیج دیا گیا ۔ 13 جون 2017 کو سینٹرل جیل میں قائم جوڈیشل کمپلیکس سے کالعدم تنظیم کے دہشتگرد شیخ ممتاز عرف فرعون اور احمد خان عرف مُنا بھیس بدل کر فرار ہوئے تھے ۔ دہشتگردوں کے فرار کے بعد رینجرز اور پولیس نے سینٹرل جیل میں آپریشن بھی کیا تھا، جس کے دوران لاکھوں روپے، ٹیلی ویژن سیٹ، گیس سلنڈرز، منشیات اور دیگر سامان برآمد ہوا تھا ۔