Saturday, April 20, 2024

دہشتگرد یوسف ٹھیلے والا سے کبھی نہیں ملا ، سید مراد علی شاہ ‏

دہشتگرد یوسف ٹھیلے والا سے کبھی نہیں ملا ، سید مراد علی شاہ ‏
November 21, 2019
کراچی ( 92 نیوز ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یوسف ٹھیلے والا کی جانب سے عائد کردہ الزامات کے جواب پر کہا کہ دہشتگرد سے کبھی نہیں ملا ، نہ ہی اسے جانتا ہوں ۔ کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز دہشتگرد سے کبھی نہیں ملا ، جس نے کہانی تیار کی اس کی تہہ تک پہنچ گیا ہوں ۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز غیر قانونی نمبر پلیٹ والی گاڑی کا علم میڈیا کے توسط سے ہوا ،  انکوائری کرائی تو علم ہوا کہ گاڑی کا تعلق گورنر ہاؤس سے ہے ، غلط نمبر پلیٹ پر گاڑی چلنے کی ایف آئی آر درج ہوگئی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ غیر قانونی نمبر پلیٹ والی گاڑی کیخلاف پولیس کو سخت کارروائی کا کہا ہے ، چیف منسٹر بننے کے بعد جتنی گاڑیاں  وزیر اعلیٰ ہاؤس کی تھیں سب کی رجسٹریشن کرائی ۔ وزیر اعلیٰ سندھ  متنازعہ پریس کانفرنس اور مشکوک گرفتاری پر بھی برہم ہو گئے ،  آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام کو وزیراعلیٰ ہاؤس طلب کیا ، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی کو بھی بلایاگیا ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نےسوال کیا کہ مبینہ دہشتگرد کو مجھ سے کیسے  منسوب کیا گیا  ۔ وزیراعلی سندھ کےایکشن کےبعد کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے تحقیقات شروع کردی ، ملزم کی گرفتاری اور ویڈیو بیان کیسے ریکارڈ کیا گیا ؟ جائزہ لیا جارہا ہے۔ ذرائع کےمطابق ملزم کا بیان ریکارڈ کروانے والے افسر سے متعلق بھی تفتیش جاری ہے ، ملزم اس سے پہلے کب گرفتار کیا گیا ؟ اس کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے ۔