Friday, April 19, 2024

ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ جاری

ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ جاری
December 9, 2015
اسلام آباد (92نیوز) ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہاہے کہ خطے میں امن و ترقی سب کا مشترکہ ہدف ہے، پاکستان اورافغانستان بارڈر مینجمنٹ کیلئے تعاون کررہے ہیں۔ افغان وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان کے لیے کسٹمز پالیسیوں میں نرمی کے مثبت نتائج نکلیں گے، چاہتے ہیں کہ تجارت پاکستان کے راستے سے ہو۔ تفصیلات کے مطابق ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں مفاہمتی عمل کی حمایت کرتا ہے، امن کے لیے مشترکہ اقدامات کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف اورافغان صدر اشرف غنی کاامن کیلئے مشترکہ وژن ہے‘ پاکستان افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام چاہتا ہے۔ مشیرخارجہ نے کہا کہ ہارٹ آف ایشیاکانفرنس کا اگلا اجلاس آئندہ سال دلی میں ہو گا‘ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا مقصد علاقائی تعاون کا فروغ ہے۔ اس موقع پر افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے کہا کہ خطے کودہشت گردی سے بچانے کیلئے کوششیں کرناہوں گی‘ افغانستان کے لیے کسٹمزپالیسیوں میں نرمی کے مثبت نتائج نکلیں گے۔ اسلام آباد ڈکلئیریشن کے نام سے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے مشترکہ اعلامیے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے رکن ممالک میں تعاون کو فروغ‘ اقتصادی تعاون اور توانائی کے منصوبوں پر کام کی رفتار بڑھانے دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اعلامیے میں دہشت گردی کے نئے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ کن ممالک کے درمیان سیاسی مشاورت کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔