Friday, April 19, 2024

دہشت گردی کو کسی ایک ملک سے منسوب نہیں کیا جا سکتا، ترجمان چینی وزارت خارجہ

دہشت گردی کو کسی ایک ملک سے منسوب نہیں کیا جا سکتا، ترجمان چینی وزارت خارجہ
January 9, 2018

بیجنگ (92 نیوز) چین نے ایک بار پھر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو کسی بھی ایک ملک سے منسوب نہیں کیا جا سکتا۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کینگ نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ دہشت گردی عالمی برادری کی مشترکہ دشمن ہے اور اس کے خاتمے کے لیے اقوام عالم کو مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں۔
وائٹ ہاؤس کے حکام کی جانب سے دہشت گردی کی محفوظ پناہ گاہیں ختم کرنے میں چین کے کردار سے متعلق سوال پر چینی ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ واشنگٹن اسلام آباد پر دباؤ بڑھانے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات پر عمل کروانے کے لیے بیجنگ کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہے۔
لو کینگ نے کہا کہ ہم بارہا کہہ چکے ہیں کہ پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر قربانیاں دی ہیں۔ تمام ممالک کو انسداد دہشت گردی کے اقدامات کے حوالے سے ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھانے کے بجائے مشترکہ تعاون کرنا چاہیے۔