Monday, September 16, 2024

دہشت گردوں کے ہمدرد مقامی‘ فنڈنگ غیرملکی ایجنسیاں کرتی ہیں : آرمی چیف

دہشت گردوں کے ہمدرد مقامی‘ فنڈنگ غیرملکی ایجنسیاں کرتی ہیں : آرمی چیف
February 10, 2016
اسلام آباد (92نیوز) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی صدارت میں کور کمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ملک کی اندرونی اور علاقائی سکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیاگیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں کو پاکستان مخالف انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے فنڈنگ کی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران ملک کی اندرونی اور علاقائی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ افغانستان میں مفاہمتی عمل اور پاک چین اقتصادی راہداری کا جائزہ بھی لیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان نے آپریشن ضرب عضب میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ پیچیدہ ہے جس کیلئے یکسوئی اور مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔ دہشت گردوں کو دشمن ممالک کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے فنڈنگ کی جا رہی ہے۔ دہشت گردوں کے ہمدرد مقامی طور پر موجود ہیں جو انہیں مقامی سطح پر وسائل فراہم کرتے ہیں۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دشمن کے مذموم عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا اور پاکستان کی سرزمین سے دہشت گردی کا صفایا کیا جائے گا۔ قوم کی پشت پناہی اور بہادر افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں ہمارا حقیقی اثاثہ ہیں۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ وہ پر امید ہیں کہ پاکستان میں پائیدار امن لانے میں کامیاب ہونگے۔ کور کمانڈزر کانفرنس میں آئی ڈی پیز کی بروقت اور باعزت واپسی پر بھی غور کیا گیا۔ جنرل راحیل شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام کوششیں اور وسائل متاثرہ علاقوں کے بے گھر ہونے والے افراد کی معاشی خوشحالی اور بحالی پر خرچ کئے جائیں گے۔