Sunday, September 8, 2024

دہشت گردوں کی فنڈنگ روک دی جائے تو یہ لوگ اپنی موت آپ مر جائیں گے : سپریم کورٹ

دہشت گردوں کی فنڈنگ روک دی جائے تو یہ لوگ اپنی موت آپ مر جائیں گے : سپریم کورٹ
August 6, 2015
اسلام آباد (92نیوز) این جی اوز کی رجسٹریشن سے متعلق سپریم کورت میں کیس کی سماعت کے دوران جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں کی فنڈنگ روک دی جائے تو یہ لوگ اپنی موت آپ مر جائیں گے مگر آٹھ ماہ سے نیشنل ایکشن پلان پر کوئی عمل نہیں ہو رہا۔ این جی اوز کی رجسٹریشن سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کر رہا ہے۔ کیس کے دوران ریمارکس میں جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیئے کہ ملک میں دہشت گردی کا دور دورہ ہے۔ صوبائی حکومتیں اور وفاق اگر کچھ کام کررہے ہوتے تو آج لاءجسٹس کمیشن سے مدد نہ مانگی جاتی۔ اس موقع پر سیکرٹری لاءجسٹس کمیشن سرور خان نے کہا کہ صوبوں نے تمام این جی اوز کی فنڈنگ سے متعلق تفصیلات جمع نہیں کرائیں جس پر جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ بلند و بانگ دعوے کئے جارہے ہیں لیکن آٹھ ماہ سے نیشنل ایکشن پلان پر کوئی کام نہیں کیا جا سکا۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل رزاق مرزا نے کہا کہ گزشتہ سال سے اب تک پنجاب میں موجود این جی اوز کو 12ارب 77کروڑ روپے کی فنڈنگ ملی۔ انہوں نے کہا کہ 11ارب 99کروڑ اندرونی جبکہ 88کروڑ کی فنڈنگ بیرونی ذرائع سے ملی۔