Monday, September 16, 2024

دہشت گردوں کی شناخت پر پچاس 50 لاکھ روپے انعام دینگے : آئی جی سندھ

دہشت گردوں کی شناخت پر پچاس 50 لاکھ روپے انعام دینگے : آئی جی سندھ
April 20, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی میں دہشت گردوں نے پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ اس واقعہ پر ردعمل دیتے ہوئے ڈی جی رینجرزمیجرجنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ حملہ کرنے والوں کو چھوڑیں گے نہیں جبکہ آئی جی سندھ نے شہید ہونے والے اہلکاروں کے لیے بیس لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں دہشت گردوں نے ایک بار پھر پولیس اہلکاروں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جس میں سات اہلکار شہید ہو گئے۔ افسوس ناک واقعہ اورنگی ٹاون میں پیش آیا۔ جائے وقوعہ پر ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کی ٹیمیں مشترکہ طور پر اس واقعہ کی تحقیقات کریں گی۔ جوانوں نے پولیو ٹیموں کو تحفظ دیتے ہوئے جانیں قربان دیں۔ ادھر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے شہید ہونے والے اہلکاروں کے دو‘ دو بچوں کو پولیس سروسز میں لینے کے ساتھ بیس لاکھ فی کس انعام کا اعلان بھی کیا اور دہشت گردوں کی اطلاع دینے والوں کو پچاس لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ ایس ایس پی سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے میڈیا کو بتایا کہ حملہ آور چار موٹر سائیکلوں پر سوار تھے جن کی تعداد آٹھ تھی اور جوانوں کے سروں میں گولیاں ماری گئیں۔ کراچی میں اتنی بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں کی شہادت کا یہ پہلا واقعہ ہے جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔