Monday, September 16, 2024

دہشت گردوں اورانکے نظریات کو کچل دینگے: ملکی قیادت

دہشت گردوں اورانکے نظریات کو کچل دینگے: ملکی قیادت
February 15, 2017

اسلام آباد (92نیوز) ملک میں دہشت گردی کی نئی لہر پر وزیراعظم ہاﺅس میں بڑا اجلاس ہوا۔ سیاسی و عسکری قیادت نے دوٹوک الفاظ میں واضح کردیا کہ دہشت گردوں اور ان کے نظریات کو کچل دیا جائیگا۔ پاکستان میں دہشت گردی باقی رہے گی نہ انتہا پسندی۔ اجلاس میں حالیہ حملوں میں شہید ہونیوالوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک کی سکیورٹی صورتحال پر وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی کاﺅنٹر ٹیرارزم، ڈی جی آئی بی، داخلہ اور خزانہ کے وزیروں سمیت قومی و سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

سیاسی وعسکری قیادت نے کراچی، بلوچستان، فاٹا اور ملک کی مجموعی امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ شرکاء نے حالیہ دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور قیام امن کیلئے پولیس، سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو سراہا۔

شرکا کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اہلکاروں نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر ملک کی حفاظت کی۔ اس موقع پر دہشت گردی اور انتہاپسندی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردوں اور ان کے نظریات کو کچل دیا جائیگا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔ یہ بھی اتفاق کیا گیا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رہیگا۔