Monday, September 16, 2024

دہشت گرد جہاں بھی ہوں کچل دیا جائے: وزیراعظم

دہشت گرد جہاں بھی ہوں کچل دیا جائے: وزیراعظم
February 17, 2017

سیہون شریف (92نیوز) وزیراعظم نے افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ دہشت گرد جہاں بھی ہوں انہیں کچل دیا جائے۔ بریریت کرنے والوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ نواز شریف نے کہا یہ جنگ پاکستانی عوام کی فتح کے ساتھ ختم ہو گی۔ سیہون شریف میں وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نوازشریف نے دہشت گردوں کے خلاف فل سکیل کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ آئندہ نسلوں کو محفوظ پاکستان دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ سکیورٹی ادارے امن دشمنوں کا قلع قمع کریں۔ ملک کی سیاسی و عسکری قیادت نے نواب شاہ پہنچنے پر سانحہ سیہون کے زخمیوں کی عیادت بھی کی۔ وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نواب شاہ کے اسپتال کا دورہ کیا اور لعل شہباز قلندر کے مزار پر خودکش حملے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔

وزیراعظم اور آرمی چیف نے زخمیوں کو پھول پیش کئے اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گرد معصوم شہریوں کی زندگی سےکھیل رہے ہیں، وہ اپنے انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔

گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، وزیر داخلہ، وزیر خزانہ اور قومی سلامتی کے مشیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ نواب شاہ میں ہی وزیراعظم کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف سمیت اعلیٰ سیاسی وعسکری حکام نے شرکت کی۔

چیف سیکرٹری سندھ نے شرکا کو بریفنگ دی اور سانحہ سہیون کی تازہ ترین صورتحال سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کئی برسوں سے اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے لڑ رہا ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف ہم اپنی شناخت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

ہماری ذمہ داری ہے کہ آنے والی نسلوں کو روشن مستقبل دیں، یہ متحد رہ کرملک دشمن عناصر سے لڑنے کا وقت ہے۔ وزیراعظم نے سکیورٹی حکام کو ہدایت دی کہ دہشت گرد جہاں بھی ہوں ان کو کچل دیا جائے، امن دشمنوں اور ان کے سہولت کاروں کے ناپاک قدم پاک سرزمین سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کر دئیے جائیں۔