Sunday, September 8, 2024

دہشت گرد 25ہزار ویب سائٹس استعمال کر رہے ہیں : قائمہ کمیٹی اجلاس میں انکشاف

دہشت گرد 25ہزار ویب سائٹس استعمال کر رہے ہیں : قائمہ کمیٹی اجلاس میں انکشاف
August 6, 2015
اسلام آباد (92نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے دہشت گرد تنظیموں کے زیر استعمال ویب سائٹس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا ہے کہ پی ٹی اے دہشت گردوں کے زیر استعمال ویب سائٹس کی روک تھام کیلئے کیا اقدامات کر رہا ہے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کا اجلاس میجر (ر) طاہر اقبال کی صدارت میں ہوا جس میں چیئرمین کمیٹی کاکہناتھاکہ بیس سے پچیس ہزار ویب سائٹس دہشت گرد استعمال کر رہے ہیں۔ بریفنگ کے دوران چیئرمین پی ٹی اے نے بتایاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے تحت پی ٹی اے از خود کسی بھی ویب سائٹ کو بلاک کرنے کا اختیار نہیں رکھتا۔ شکایت موصول ہونے پر پی ٹی اے متعلقہ ویب سائٹ کا جائزہ لینے کے بعد اسے بلاک کرتا ہے اور اسلام آباد ہائیکورٹ کو تحریری طور پر آگاہ کیا جاتا ہے۔ سیکرٹری آئی ٹی عظمت علی رانجھا نے کمیٹی کو بتایا کہ سکیورٹی اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ریسرچ ونگ بنائیں اور ویب سائٹس سے متعلق پی ٹی اے کو تجاویز دیں۔ چیئرمین کمیٹی میجر ریٹائرڈ طاہر اقبال کاکہنا تھاکہ ویب سائٹس کا معاملہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور سکیورٹی اداروں اور پی ٹی اے میں اس حوالے سے قریبی رابطہ رہنا چاہئے۔ قائمہ کمیٹی نے الیکٹرانک کرائم بل کو حتمی شکل دینے کیلئے ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔