Friday, April 26, 2024

دہری شہریت کیس، زلفی بخاری سےتعلیم، تجربہ، اہلیت سے متعلق تفصیلات طلب

دہری شہریت کیس، زلفی بخاری سےتعلیم، تجربہ، اہلیت سے متعلق تفصیلات طلب
November 16, 2018
لاہور (92 نیوز) دہری شہریت کیس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری سےتعلیم، تجربہ، اہلیت سے متعلق تفصیلات طلب کر لی گئیں۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کی دوہری شہریت پر کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے زلفی بخاری کی تعلیم، تجربہ اور اہلیت سےمتعلق تفصیلات اور تعیناتی سے متعلقہ فائل طلب کر لی۔ زلفی بخاری کے اونچی آواز میں بولنے پر چیف جسٹس نے انہیں ڈانٹ پلا دی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ سپریم کورٹ ہے اپناغصہ گھر چھوڑ آیا کریں، وزیر اعظم من پسند فیصلے نہیں کر سکتا۔ وزیراعظم آئین اور قانون کے طابع ہے، قومی معاملات اور مفادات میں یاریاں، دوستیاں نہیں چلتیں۔ زلفی بخاری کو مخاطب کرکے چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کسی اور کے دوست ہوں گے سپریم کورٹ کے نہیں۔ آپ یہاں نہیں رہنا چاہتے تو واپس چلے جائیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ کا نام ذوالفقار بخاری ہے ذلفی بخاری کیوں لکھتے ہیں ؟۔ زلفی بخاری تو ایک مزاحیہ اداکار بھی تھے۔ زلفی بخاری نے کہا میں یورپ کے سو بااثر مسلمانوں میں شامل ہوں۔ زلفی بخاری کے وکیل اعتزازاحسن نے کہا پاکستان کا پاسپورٹ ہو تو باہر کا ویزہ نہیں لگتا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم ارکان پارلیمنٹ کی دوہری شہریت پر فیصلہ دے چکے، یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری نے کیس کی مزید سماعت پانچ دسمبر تک ملتوی کر دی۔