Wednesday, May 1, 2024

دھند‘ تیزرفتاری : ٹریفک حادثات میں 19 قیمتی جانیں ضائع‘ 70زخمی

دھند‘ تیزرفتاری : ٹریفک حادثات میں 19 قیمتی جانیں ضائع‘ 70زخمی
November 3, 2016
لاہور (92نیوز) ایک طرف کراچی میں ٹرینوں کا خوفناک حادثہ ہوا تو دوسری طرف ملک کے دیگر شہروں میں ہونے والے ٹریفک حادثات میں انیس افراد زندگی کی بازی ہارگئے جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔ پنڈی بھٹیاں میں 15گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے میں بارہ افراد کی جان چلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں خوفناک حادثات کا دن کئی گھروں میں صفِ ماتم بچھا گیا۔ دھند اورتیزرفتاری کی وجہ سے متعدد قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔ پنڈی بھٹیاں کے قریب سکھیکی میں ٹرک، بس اور کئی گاڑیوں میں تصادم سے کئی افراد لقمہ اجل بن گئے۔ بس لاہور آ رہی تھی۔ خوفناک حادثے میں زخمی ہونے والے ستر سے زائد افراد میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔ فیصل آباد کے علاقے پنسرہ کے قریب دھند کے باعث دو کاریں آپس میں ٹکرا گئیں جس سے دو افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے۔ بہاولپور میں ٹریک اور وین میں ایک شخص کی جان گئی جبکہ دس افراد کو زخم آئے۔ ہارون آباد میں پکاموڑ کے قریب ٹریلر اور گدھا گاڑی کی ٹکر میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گوجرہ موٹروے پر دو کاروں میں ٹکر سے خاتون سمیت دو افراد جاں بحق اور پانچ شدید زخمی ہو گئے۔ کلور کوٹ میں حسن والا روڈ پر دھند کی وجہ سے بس اور ٹریلر میں تصادم ہو گیا جس میں پانچ افراد زخمی ہوئے۔ بوریوالا میں لڈن روڈ پر مزدا الٹنے سے دس افراد زخمی ہوئے۔ تلہ گنگ میں وین اور ٹریکٹر میں تصادم سے پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ جن میں سے تین کی حالت نازک ہے جبکہ بھکر میں ایک حادثے میں موٹرسائیکل سوارکی جان گئی جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔