Sunday, April 28, 2024

دھند، تیزرفتاری سے ٹریفک حادثات، 9افراد جاں بحق

دھند، تیزرفتاری سے ٹریفک حادثات، 9افراد جاں بحق
January 2, 2017

کندھ کوٹ/ فیصل آباد (92نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں دھند اور تیزرفتاری کی وجہ سے ٹریفک حادثات کے دوران نو افراد جاں بحق اور پینتیس سے زائد زخمی ہو گئے۔ کندھ کوٹ کے قریب چار گاڑیوں کے تصادم میں سات مسافر کی جان چلی گئی۔ فیصل آباد میں تیزرفتار ٹریکٹر ٹرالی الٹنے سے دو افراد جاں بحق ہو گئے، حب میں بس اور کار میں تصادم میں سولہ افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں دھند اور تیزرفتاری کے باعث کئی قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں۔ کندھ کوٹ کے قریب پشاور سے کراچی آنے اور جانے والی دو بسیں ٹکرا گئیں۔ دھند کے دوران تیزرفتاری کے باعث پیچھے سے آنے والا ٹرک اور کار بھی اس حادثے کی زد میں آ گئی۔ چار گاڑیوں کے ٹکرانے سے پانچ افراد موقع پرہی جاں بحق ہو گئے۔ باقی مسافروں نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔ بعض زخمیوں کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے بیس سےزائد مسافروں میں چھ خواتین بھی شامل ہیں۔

زخمیوں کو سول اسپتال کندھ کوٹ منتقل کیا گیا جہاں پر طبی سہولیات کم ہونے کے باعث زخمی پینتالیس منٹ تک تڑپتے رہے۔ دوسری طرف ایمبولینس میں پٹرول نہیں تھا جس کی وجہ سے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مریضوں کو اسپتال پہنچایا۔

دوسری طرف فیصل آباد سدھار بائی پاس کے قریب تیزرفتار ٹریکٹر ٹرالی الٹ گئی جس سے مظفرعباس اور صوبے خان جاں بحق ہوگئے۔ اُدھر گڈانی اور حب کے درمیان کراچی آنے والی تیزرفتار بس اور گاڑی میں تصادم ہوگیا۔ حادثے میں پانچ بچوں اور پانچ خواتین سمیت سولہ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو کراچی منتقل کردیا گیا ہے جہاں سب کی حالت خطرے سے باہر ہے۔