Friday, May 17, 2024

دھمکیوں کا کلچر نہیں چلے گا جناب!، مراد سعید کا خواجہ آصف کو ترکی بہ ترکی جواب

دھمکیوں کا کلچر نہیں چلے گا جناب!، مراد سعید کا خواجہ آصف کو ترکی بہ ترکی جواب
December 9, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) دھمکیوں کا کلچر نہیں چلے گا جناب!، وزیر مواصلات مراد سعید نے خواجہ آصف کو ترکی بہ ترکی جواب دیدیا، کہا لندن کے اسی گھر کے باہر مظاہرے پر تکلیف ہوئی، جس کی ملکیت ثابت کرنے میں 5 سال لگے۔ وزیر مواصلات مراد سعید نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ خواجہ آصف وزیر ہوتے ہوئے امارات میں دھوبی کی تنخواہ لیتے رہے، احسن اقبال نے اقامے پر نوکری کی، بھائی کو ٹھیکے دلائے، کمپنی بنا کر کرپشن کا پیسہ چھپایا، شہباز شریف نے برطانوی صحافی پر کیس کیوں نہیں کیا؟۔ مراد سعید نے کہا کہ ہر سال 119 آرڈیننس جاری کئے گئے، ہم ڈیڑھ سال میں 19 آرڈیننس لائے تو جمہوریت کو خطرہ ہو گیا۔ آج کرپشن کا عالمی دن ہے ایوان میں اس پر بات ہونی چاہئے تھی ان کا کام ہے کرپشن کا پیسہ بچانا۔ علاوہ ازیں بلاول کی تقریر پر وزیر مواصلات مراد سعید نے جواب دیا کہا افسوس کی بات ہے کہ پرچی والے حادثاتی سیاستدان نے سندھ کے اندر کتوں کے کاٹنے کیوجہ سے اموات کا ذکر تک نہیں کیا، فرزند زرداری نے تھر میں ہر سال بھوک کیوجہ سے مرنے والے سینکڑوں بچوں کی بات تک نہیں کی۔ ان کا مزید کہنا تھا جانشین زرداری کراچی کے بارشوں میں مرنے والے اموات پر ایک دفعہ پھر خاموش رہے، فرزند زرداری نے کراچی کے اموات اور ڈوبنے کے منظر پر صرف یہ انکشاف کیا کہ بارش آتا ہے تو پانی آتا ہے اور زیادہ بارش آتا ہے تو زیادہ پانی آتا ہے۔ مراد سعید بولے کہ جانشین زرداری اپنے وزیر اعلی کے حلقے میں ایمبولینس تک نہ ہونے پر بھی خاموش رہے، فرزند زرداری جانتے ہیں کہ سندھ کی ترقی پر لگنے والا پیسہ انکے فیک اکائونٹ اور خرچوں میں استعمال ہو رہا ہے۔