Thursday, March 28, 2024

دھماکوں کے بعد جنرل ہسپتال میں قیامت صغریٰ کے مناظر

دھماکوں کے بعد جنرل ہسپتال میں قیامت صغریٰ کے مناظر
March 16, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) یوحنا آباد میں ہونے والے خودکش دھماکوں کے بعد جنرل ہسپتال میں قیامت صغریٰ کے مناظر دیکھنے میں آئے۔ افسوسناک واقعہ کے بعد ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ گرجا گھروں میں یکے بعد دیگرے ہونے والے دو خودکش دھماکوں کے بعد ریسکیو سمیت دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ امدای ٹیموں نے پچاسی سے زائد افراد کو زخمی حالت میں جنرل ہسپتال منتقل کیا جن میں چار افراد مردہ حالت میں ہسپتال لائے گئے جبکہ گیارہ افراد نے ہسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا۔ لواحقین اپنے پیاروں کو دیکھنے کےلئے ہسپتال میں چیخ وپکار کرتے رہے۔ ہلاک ہونے والوں میں میاں بیوی عنبرین عابد اور عابد علی سمیت ندیم، آکاش، مختار، رمضان، الیاس بھٹی، عبدالمجید، جیمز، موسیٰ، زاہد، شہزاد، آٹھ سالہ ابھیشک، کانسٹیبل راشد منہاس اور ایک نامعلوم نوجوان شامل ہیں۔۔۔ جنرل ہسپتال کے ایم ایس کے مطابق بیس افراد کی حالت تشویشناک ہے۔۔ زخمیوں کی عیادت کےلئے آنے والے حکومتی نمائندوں سمیت سیاسی وسماجی اور مسیحی رہنماؤں نے واقعہ پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کےلئے فی کس پانچ لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے پچہتر ہزار روپے امداد کا اعلان کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔