Wednesday, April 24, 2024

آر اوز کے الیکشن کو احتجاجاً تسلیم کیا، جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ آنے کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کرینگے: یوسف رضا گیلانی

آر اوز کے الیکشن کو احتجاجاً تسلیم کیا، جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ آنے کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کرینگے: یوسف رضا گیلانی
May 10, 2015
ملتان (92نیوز) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کہا تھا کہ یہ آر اوز کے الیکشن ہیں، نتائج کو احتجاجاً تسلیم کیا، جوڈیشل کمیشن کے فیصلہ کے بعد پیپلزپارٹی اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرےگی۔ ملتان ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ذوالفقارمرزاکی پارٹی سے پرانی لڑائی ہے، ذوالفقارمرزاکافیصلہ عدالت نے کرنا ہے، فہمیدہ مرزا کو سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے بات کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثہ پر دلی دکھ ہواہے، یہ حادثہ ٹیکنیکل فالٹ کی وجہ سے پیش آیا۔ انٹیلی جنس ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ میرا اور سلمان تاثیر کا مغوی بیٹا افغانستان میں ہیں، افغانستان کا دورہ نئی حکومت کو مبارکباد دینے کے ساتھ مغویوں کی بازیابی کیلئے بھی تھا، افغان حکومت نے بیٹے کی بازیابی کیلئے مکمل مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ سابقہ دور کے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں تو نئے منصوبوں کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی باتوں کا جواب میں نہیں دے سکتا، حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے اچھا بجٹ بنائے۔