Thursday, April 25, 2024

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی تعمیر  نو و توسیع مکمل

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی تعمیر  نو و توسیع مکمل
December 5, 2019
کراچی ( 92 نیوز) سمندر کنارے پانی کو ترستے کراچی والوں کےلئے اچھی خبر ہے ۔60 برس بعد دھابیجی پمپنگ اسٹیشن  کی ازسر نو تعمیر و توسیع کاکام مکمل کرلیا گیا ،15 دسمبر کوافتتاح کیا جائےگا ، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو روزانہ ایک سو ملین گیلن اضافی پانی مل سکے گا۔ کراچی کو پانی کی فراہمی کے لئے  60 برس بعد دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی ازسر نو تعمیر و توسیع مکمل کرلی گئی ،  توسیع کے بعد دھابیجی سے کراچی کو 460 ملین گیلن کی  بجائے 560 ملین گیلن روزانہ ملیں گے ، 100 ملین گیلن اضافی پانی ملنے سے شہرقائد میں پانی کو ترستے عوام کو کچھ راحت ملےگی۔ سندھ کے وزیر بلدیات ناصرحسین شاہ کہتےہیں کے فور پراجیکٹ پر تیزی سےکام جاری ہے ، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی ازسرنو تعمیروتوسیع پر ایک ارب 50 کروڑ روپے لاگت آئی ہے ۔ آخری مرتبہ  1958میں دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی تعمیر وتوسیع کی گئی تھی ، شہری بھی پرامید ہیں  اس منصوبے  کی بدولت   پانی فراہمی کی صورتحال خاصی بہتر ہوگی۔ سندھ حکومت کی جانب سےگزشتہ 11 برس میں فراہمی آب کےحوالے سے یہ پہلابڑا منصوبہ مکمل ہواہے ، جس سے شہر میں پانی کی قلت پر قابوپانےمیں خاصی مدد ملے گی۔