Thursday, May 23, 2024

دوہزار سولہ  :   ضرب عضب آپریشن میں 3500 دہشتگرد ہلاک،992 خفیہ پناہ گاہیں تباہ کی گئیں

دوہزار سولہ  :   ضرب عضب آپریشن میں 3500 دہشتگرد ہلاک،992 خفیہ پناہ گاہیں تباہ کی گئیں
December 31, 2016

 راولپنڈی (92نیوز) پاکستان پہلے سے زیادہ محفوظ ، پہلے سے زیادہ مضبوط ہوگیا ہے دو ہزار سولہ میں پاک فوج کی کامیابیوں کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں ۔ ضرب عضب میں تین ہزار پانچ سو دہشتگرد ہلاک نو سو بانوے خفیہ ٹھکانے تباہ کئے گئے جبکہ کراچی میں 2816 جرائم پیشہ افراد، 350دہشتگرد،446 ٹارگٹ کلرپکڑے گئے ہیں ۔

تفصیلات کےمطابق آئی ایس پی آرنے پاک فوج کی 2016 میں حاصل کی گئی کامیابیوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں ۔2016 کے دوران آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج نے 3500 دہشتگردوں کو ٹھکانے لگانے کے ساتھ ان کے 992 خفیہ ٹھکانے بھی تباہ کردیئے ہیں جبکہ اس اہم آپریشن کے دوران 583 فوجی جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ۔پاک فوج نے ضرب عضب میں 18ہزار 87 ہتھیار بھی قبضے میں لئے  اور  253ٹن دھماکا خیز مواد بھی تباہ کیا  ۔ 2016 میں ہی ملک میں قائم فوجی عدالتوں سے 274 دہشتگردوں کوسزائیں ہوئیں  جن میں 161 کو سزائے موت اور113 کو قید کی سزا سنائی گئی جبکہ ہائی پروفائل 12 دہشتگردوں کو تختہ دار پر بھی لٹکایا گیا ۔ 2016 ہی میں پاکستان نیوی نےاینٹی شپ میزائل کےکامیاب تجربےکیےجبکہ  پاکستان ایئر فورس نے ضرب عضب آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا۔ 2016میں بابرکروزاورایئر لانچ رعد میزائل کے کامیاب تجربات کیے گئے۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا ہے کہ پاک فضائیہ کےسی 130 طیارےنےرائل انٹر نیشنل ٹیٹوشو میں بہترین ایئر کرافٹ کی ٹرافی جیتی ۔ پاک فوج کی طرف سے سی پیک کے لیے اسپیشل سکیورٹی ڈویژن قائم کیا گیاجبکہ آئی ڈی پیز میں سے مجموعی طور پر 82فیصد اپنے گھروں کو واپس پہنچ گئے ہیں دوسری طرف فوج نے خیبر پختونخوا میں سماجی ترقی کے 567 منصوبے بنائےہیں  ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملک بھر میں 2016 کے دوران انٹیلی جینس بیسڈ آپریشنز کئے گئے صرف  پنجاب میں 11ہزار735انٹیلی جنس بیسڈکومبنگ آپریشن کیےگئےجبکہ  بلوچستان میں بھی  294 اور سندھ میں 646انٹیلی جنس بیسڈآپریشن کیےگئےہیں ۔

بھارت نے 2016 کے دوران 379 مرتبہ سرحدی خلاف ورزی کی ہے جبکہ جوابی کارروائی میں 40 بھارتی فوجی ہلاک جبکہ پاکستان کے 40 سویلین شہری بھی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں  ۔